ڈی سی ضلع شرقی کا اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمشنر کے ہمراہ جناح ٹاؤن کا دورہ

ڈی سی ضلع شرقی کا اسسٹنٹ کمشنر اور میونسپل کمشنر کے ہمراہ جناح ٹاؤن کا دورہ

کراچی: ڈپٹی کمشنر ضلع شرقی نصیر اللّٰہ عباسی نے اسسٹنٹ کمشنر جمشید زون بلال علوی، میونسپل کمشنر جناح ٹاؤن رئیس الٰہی بخش بنبھن کے ہمراہ جناح ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے شہری مسائل اور بنیادی سہولیات کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو سڑکوں کی فوری بہتری، تجاوزات کے خاتمے، فٹ پاتھوں کی بحالی اور لٹکتی ہوئی کیبلز ہٹانے سمیت دیگر امور پر ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کیں۔

ڈپٹی کمشنر نے نمائش چورنگی، تین ہٹی اور اطراف کے مختلف مقامات کا معائنہ کیا۔ نمائش چورنگی پر سڑکوں کی لین مارکنگ، گرلز کی درستگی اور فٹ پاتھوں کی بحالی کے امور کا جائزہ لیتے ہوئے انہوں نے متعلقہ افسران کو کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ سڑکوں کی استرکاری و مرمت اور ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والی تجاوزات کے خاتمے پر بھی خصوصی توجہ دینے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے گرو مندر پر واقع حسا سنگھ پارک کا بھی دورہ کیا اور پارک کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ پارک کو مزید بہتر بنایا جائے، اندرونی حصے سمیت اطراف میں موجود کمی بیشی کو دور کرکے صفائی، خوبصورتی اور شہری سہولیات کو مزید بہتر بنایا جائے۔تین ہٹی سمیت دیگر مقامات پر تجاوزات اور شہری انفرااسٹرکچر سے متعلق مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ تجاوزات کے خاتمے کے ساتھ سڑکوں کی حالت بھی بہتر بنائی جائے، جبکہ لٹکتی ہوئی کیبلز کو منظم کرکے شہریوں کے لیے محفوظ اور بہتر ماحول یقینی بنایا جائے۔ دورے کے موقع پر جناح ٹاؤن محکمہ بی اینڈ آر، سینیٹیشن، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور بی آر ٹی کا عملہ بھی موجود تھا۔

میونسپل کمشنر جناح ٹاؤن رئیس الٰہی بخش بنبھن نے ڈپٹی کمشنر کو مختلف امور پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ متعلقہ ٹیمیں دی گئی ہدایات پر کام کر رہی ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ نشاندہی کیے گئے مسائل کے حل اور جاری کاموں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں