چیئرمین صدر ٹاؤن کی صدارت میں ترقیاتی کاموں کی پیش رفت کے حوالے سے اہم اجلاس
کراچی: ٹاؤن چیئرمین منصور احمد شیخ کی زیرِ صدارت ٹاؤن میں جاری مختلف ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور رفتار کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں علاقے میں جاری ترقیاتی کاموں کی موجودہ صورتحال، تکمیل کی رفتار اور درپیش مسائل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں میونسپل کمشنر ٹاؤن عمار خان، سپرنٹنڈنگ انجینئر بی اینڈ آر سلمان رحمان میمن ، فوکل پرسن عاصم علی خان اور چیف اکاؤنٹس آفیسر زوہیب شاہ سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اس موقع پر متعلقہ افسران کی جانب سے ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے چیئرمین ٹاؤن کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ مختلف علاقوں میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت، روڈ کارپٹنگ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور دیگر ترقیاتی کاموں کی پیش رفت پر بھی گفتگو کی گئی۔
چیئرمین ٹاؤن منصور احمد شیخ نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بہتر بنیادی سہولیات کی فراہمی اور ٹاؤن کے انفراسٹرکچر میں بہتری اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
میونسپل کمشنر عمار خان نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ جاری ترقیاتی کاموں کی باقاعدگی سے نگرانی کی جائے، فیلڈ میں عملی پیش رفت کو یقینی بنایا جائے اور منصوبوں کی تکمیل میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد ان منصوبوں کے ثمرات حاصل ہو سکیں۔
اجلاس کے اختتام پر جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا مسلسل جائزہ لینے اور کاموں کو مقررہ معیار کے مطابق بروقت مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
