spot_img

کراچی پریس کلب میں یوم آزادی کی پروقار تقریب، پرچم کشائی اورکیک کاٹا گیا

کراچی پریس کلب میں یوم آزادی کی پروقار تقریب، پرچم کشائی اورکیک کاٹا گیا

کراچی: پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر کراچی پریس کلب میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا،تقریب میں سندھ حکومت کے ترجمان سکھدیو ہمنانی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اس موقع پر کراچی پریس کلب کے صدر فاضل جمیلی، سیکریٹری اسلم خان، نائب صدر ارشاد کھوکھر، خازن عمران ایوب، جوائنٹ سیکرٹری فاروق سمیع، ممبر گورننگ باڈیز عبدالجبار ناصر، فرید عالم، جاوید مہر، سابق سیکرٹری محمد رضوان بھٹی، عامر لطیف، کے یوجے دستور کے صدر نصراللہ چوہدری سمیت اراکین اور صحافیوں اور ان کے اہل خانہ کی ایک بڑی تعدادموجود تھی۔تقریب کے دوران پرچم کشائی کی گئی اور کیک کاٹا گیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ پیش بھی کیا گیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سندھ حکومت کے ترجمان سکھدیو ہمنانی نے کہا کہ پاکستان مختلف قوموں، زبانوں اور ثقافتوں کا حسین امتزاج ہے، قومی اتحاد اور یکجہتی ملک کی سب سے بڑی طاقت ہیں۔ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیں ذاتی مفادات سے بالاتر ہوکر اجتماعی سوچ اپنانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت معاشرے کی اصلاح اور جمہوری نظام کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتی ہے۔

سکھدیو ہمنانی نے کراچی پریس کلب کی صحافتی اور جمہوری جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری نے ہمیشہ عوامی مسائل اور ملکی معاملات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی ہمیں ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھنے کا پیغام دیتا ہے۔صدر کراچی پریس کلب فاضل جمیلی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزادی ایک عظیم نعمت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے ملک کی ترقی اور استحکام کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ صحافی برادری آزادی اظہار، جمہوری اقدار اور آئین کی بالادستی کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرتی رہے گی۔فاضل جمیلی نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لیے قومی یکجہتی، برداشت اور باہمی احترام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ صحافت معاشرے کی آواز ہے اور کراچی پریس کلب ہمیشہ آزادی صحافت اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

سیکریٹری کراچی پریس کلب اسلم خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم آزادی ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کو یاد کرنے اور پاکستان کی تعمیر و ترقی کے عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے۔ صحافت معاشرے کا آئینہ ہے، صحافی عوامی مسائل اجاگر کرنے اور جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

اسلم خان نے کہا کہ آزادی? اظہار جمہوری معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے، صحافی برادری ملک کے بہتر مستقبل کے لیے اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور ذمہ داری کے ساتھ ادا کرتی رہے گی۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور وطن عزیز کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لیے خصوصی دعا کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں