سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس، مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس، مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

سینیٹر سرمد علی کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کا اجلاس ہوا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈیجیٹل میڈیا، سرکاری اشتہارات، میڈیا پالیسی اور صحافیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا سے متعلق 2021 کی پالیسی میں 2022 میں ترمیم کی گئی، جبکہ ڈیجیٹل میڈیا اب ایک خودکفیل پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویوز اور دیگر ڈیجیٹل میٹرکس کی تصدیق کے لیے تھرڈ پارٹی ویریفکیشن سسٹم متعارف کرایا گیا، جسے مختلف صوبوں نے بھی اپنایا ہے۔

عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حکومت اپنی ضرورت کے مطابق ہی اشتہارات جاری کرتی ہے، تاہم اس کی اولین ترجیح میڈیا ملازمین کی فلاح و بہبود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ ڈیجیٹل میڈیا کے فروغ کے باوجود کسی ملازم کو بے روزگار نہ ہونا پڑے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ اسلام آباد کے بیٹ رپورٹرز اور صحافی ان کی ذمہ داری ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سنو نیوز کی جانب سے ملازمین کو فارغ کیے جانے پر حکومت نے اس کے اشتہارات روک دیے تھے، جبکہ بعد ازاں انتظامیہ سے مذاکرات کے نتیجے میں متعدد ملازمین کو بحال کیا گیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن (PBA) کے ساتھ طے شدہ طریقہ کار کے تحت حکومت جب بھی واجبات ادا کرتی ہے تو میڈیا ہاؤسز اپنے ملازمین کے واجبات کی ادائیگی کے پابند ہوتے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا ہر عمر کے افراد استعمال کر رہے ہیں، لیکن اس کی بنیادی خبر رسانی کا ذریعہ اب بھی اخبارات اور ٹیلی ویژن ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کی قیمت پر ڈیجیٹل میڈیا کو آگے نہیں بڑھایا جا سکتا۔ ان کے مطابق ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر سب سے پہلا حق اخبارات کے ڈیجیٹل شعبے کا ہونا چاہیے، اور ایڈورٹائزمنٹ پالیسی 2024 کے تحت حکومت اخبارات کی ڈیجیٹل شمولیت کو مزید فروغ دینے کی کوشش کرے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں