کراچی میں بینک کے باہر نوجوان قتل، ڈاکو 25 لاکھ لوٹ کر فرار
کراچی کے علاقے کلفٹن میں بینک کے باہر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہو گیا جبکہ ملزمان بینک سے نکالے گئے 50 لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ لوٹ کر فرار ہو گئے۔
سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) ساؤتھ مہزور علی نے بتایا کہ آکاش نامی نوجوان، اس کے والد اور ساتھی نے تین تلوار کے قریب نجی بینک سے 50 لاکھ روپے نکلوائے تھے
شہری یہ رقم جمع کرانے کے لیے بوٹ بیسن کے بینک کے باہر پہنچے تو ملزمان نے کار پر حملہ کردیا۔
پولیس کے مطابق اس دوران بینک کے گارڈ نے فائرنگ کی تو ملزمان نے بھی جوابی فائرنگ کی جس سے نوجوان آکاش جاں بحق ہوگیا جبکہ ملزمان 25 لاکھ روپے پر مشتمل رقم کا ایک تھیلا لوٹ کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ سے جاں بحق ہونے والا نوجوان آکاش ڈاکٹر تھا، 28 سال کا آکاش والد کے ہمراہ بینک سے رقم لیکر نکلا تھا، فائرنگ کرنے والے سکیورٹی گارڈ کو حراست میں لےلیاگیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ہر پہلو سے تحقیقات شروع کردی ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
