چیئرمین جناح ٹاؤن کا اسلامیہ کالج نالے کا ہنگامی دورہ، مون سون سے قبل نکاسیٔ آب کا جائزہ
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع نے پراجیکٹ ڈائریکٹر بی آر ٹی طارق رفیع، ایف ڈبلیو او کے کنسلٹنٹ اور سوئی سدرن گیس کمپنی کے نمائندوں کے ہمراہ نیو ایم اے جناح روڈ پر واقع اسلامیہ کالج نالے کا دورہ کرکے مون سون سے قبل نکاسیٔ آب کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ نالے کے اندر سوئی سدرن گیس کمپنی کی مین گیس لائن پانی کے بہاؤ میں رکاوٹ بن رہی ہے، جس پر کمپنی کے نمائندوں نے گیس لائن جلد مناسب مقام پر منتقل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر چیئرمین جناح ٹاؤن نے متعلقہ اداروں کی غفلت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نالے کے اندر گیس لائن بچھانا سنگین محکمانہ غفلت ہے۔ انہوں نے اسلامیہ کالج نالے کی فوری صفائی، ملبہ اور تمام رکاوٹیں ختم کرکے نکاسیٔ آب کا نظام مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت دی تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین رضوان عبد السمیع نے کہا کہ عوامی مسائل کا بروقت حل اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی بھی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے میئر کراچی اور متعلقہ اداروں سے اسلامیہ کالج نالے کے مستقل حل کے لیے فوری اقدامات کرنے کی اپیل بھی کی۔
اس موقع پر ایکسیئن بی اینڈ آر اعجاز عالم، چیئرمین یو سی 4 راؤ آصف، یو سی کونسلر راؤ کاشف اور متعلقہ عملہ بھی موجود تھا۔
