مزارِ قائد ہماری قومی شناخت اور ورثے کی علامت ہے، وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ
وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر کا قومی ورثے کے اداروں کے تحفظ اور انتظامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اورنگزیب خان کھچی کے درمیان مزارِ قائد اور نیشنل لائبریری کے امور پر اہم اجلاس ہوا۔
اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹو سی ایم آصف جمیل، سیکریٹری ثقافت خیر محمد کلوڑ اور دیگر صوبائی افسران شریک ہوئے۔
وفاقی وزیر کے ہمراہ ڈائریکٹر جنرل نیشنل لائبریری آف پاکستان، ریزیڈنٹ انجینئر، سیکریٹری قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ علیم خان اور قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن کے سینئر افسران موجود تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ اور وفاقی وزیر کا قومی ورثے کے اداروں کے تحفظ اور انتظامی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزارِ قائد کے اطراف تجاوزات، صفائی، سکیورٹی اور دیکھ بھال کے امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
مزارِ قائد کے اطراف غیر قانونی کچرا اور تعمیراتی ملبہ پھینکنے کی روک تھام کا فیصلہ کیا گیا۔
مزارِ قائد کے اطراف منشیات فروشوں اور شرپسند عناصر کے باعث پیدا ہونے والے سکیورٹی خدشات کا جائزہ لیا گیا
مزارِ قائد آنے والے شہریوں اور سیاحوں کے لیے سہولیات اور رسائی بہتر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کو قائداعظم مزار مینجمنٹ بورڈ کی آئینی ذمہ داریوں اور انتظامی امور پر بریفنگ دی گئی
مینجمنٹ بورڈ مزارِ قائد اور اس کے گرد و نواح پر مشتمل132 ایکڑ رقبے کے تحفظ، نگہداشت، مرمت، ترقی اور انتظام کا ذمہ دار ہے
اجلاس میں لائنز ایریا اور خداداد کالونی سے ملحق مزارِ قائد کے اطراف تجاوزات کے خاتمے اور مزارِ قائد کے اطراف سکیورٹی مزید مؤثر بنانے اور دیکھ بھال کے لیے وسائل فراہم کرنے کا فیصلہ
اجلاس میں نیشنل لائبریری آف پاکستان کے کراچی ریجنل آفس کے انتظامی مسائل کا جائزہ لیا گیا
نیشنل لائبریری کے کراچی ریجنل آفس کو پانی کی فراہمی اور دیگر سہولیات مہیا کرنے کا فیصلہ
لیاقت میموریل لائبریری اور نیشنل لائبریری کے درمیان انتظامی امور کے حل کے لیے قانونی طریقہ کار اپنانے پر اتفاق، نیشنل لائبریری کے ریجنل کاپی رائٹ ڈپازٹری اور کراچی آفس کی توسیع سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ مزارِ قائد اور عوامی لائبریریاں قومی اثاثے ہیں، ان کا تحفظ ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، مزارِ قائد ہماری قومی شناخت اور ورثے کی علامت ہے، سندھ حکومت مزارِ قائد کے تحفظ، دیکھ بھال، خوبصورتی اور سکیورٹی کے لیے مکمل تعاون جاری رکھے گی، نیشنل لائبریری اور لیاقت میموریل لائبریری کے تمام مسائل مشاورت اور قانونی طریقہ کار کے ذریعے حل کیے جائیں گے۔ہمارا مقصد تصادم نہیں بلکہ ایسا متفقہ حل ہے جو طلبہ، محققین اور عوام کے مفاد میں ہو۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی میں تعلیمی اور ثقافتی اداروں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی
قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن ثقافتی اداروں کے تحفظ اور ترقی کے لیے پرعزم ہے، وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی
وفاقی وزیر نے سندھ حکومت سے نیشنل لائبریری کی اصلاحات اور کراچی میں ریجنل کاپی رائٹ ڈپازٹری کے قیام میں تعاون کی درخواست کی
وفاقی وزیر اورنگزیب خان کھچی نے کہا کہ مزارِ قائد پاکستان کی اہم ترین قومی یادگاروں میں سے ایک ہے، مزارِ قائد کے اطراف تجاوزات، ماحولیاتی مسائل اور سکیورٹی چیلنجز کے حل کے لیے مشترکہ اقدامات ضروری ہیں۔ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ مزارِ قائد کے تقدس، وقار اور تاریخی اہمیت کا تحفظ کریں۔قومی ثقافتی اداروں کو مضبوط بنائیں تاکہ وہ آنے والی نسلوں کی خدمت جاری رکھ سکیں۔
وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے درمیان مسلسل رابطے اور باہمی اتفاق سے تمام زیرِ التوا معاملات حل کرنے پر اتفاق
