چین میں سمندری طوفان، لاکھوں افراد نقل مکانی پر مجبور، پروازیں اور ٹرینیں معطل
چین ایک بار پھر شدید موسمی بحران کی زد میں آگیا ہے
طاقتور سمندری طوفان باوی نے ملک کے ساحلی علاقوں میں لینڈ فال کرلیا جس کے بعد لاکھوں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے
رپورٹس کے مطابق ایک ہفتے کے دوران چین سے ٹکرانے والا یہ دوسرا بڑا سمندری طوفان ہے جس نے ساحلی شہر تائی ژو میں پہلی بار لینڈ فال کیا، بعد ازاں رات گئے وین ژو کے قریب دوبارہ ساحل سے ٹکرایا۔ طوفان کا پھیلاؤ تقریباً ایک ہزار کلومیٹر تک ہے، جو فرانس کے رقبے کے برابر بتایا جا رہا ہے۔
باوی کی شدت کم ہو کر کیٹیگری ون رہ گئی ہے تاہم طوفان کے ساتھ موجود شدید نمی کے باعث موسلا دھار بارشوں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ برقرار ہے۔
چینی حکام نے مشرقی ژی جیانگ اور شمال مشرقی فوجیان صوبوں میں غیر معمولی بارشوں کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر حفاظتی اقدامات کیے ہیں۔
ریاستی میڈیا کے مطابق صرف ژی جیانگ صوبے میں 17 لاکھ سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔طوفان کے باعث اسکول، دفاتر اور بیرونی سرگرمیاں معطل کردی گئی ہیں جبکہ 400 سے زائد پروازیں اور درجنوں ٹرین سروسز بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔
