نسلہ ٹاور سے متعلق وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے نے مستقبل کے لیے ایک واضح قانونی سمت متعین کردی: چیئرمین آباد
کراچی: چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے نسلہ ٹاور سے متعلق وفاقی آئینی عدالت کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ آٹھ سال کی تاخیر کے باوجود فیصلے نے مستقبل کے لیے ایک واضح قانونی سمت متعین کردی۔ امید ہے آئندہ عدالتیں تمام قانونی تقاضے پورے کرتے ہوئے فیصلے کریں گی۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں عدالتی کارروائی سے قبل ایک مکمل اور منظم قانونی نظام موجود ہوتا ہے۔ نسلہ ٹاور کے متاثرین انصاف کے انتظار میں دنیا سے رخصت ہوگئے، نسلہ ٹاور اور رائل پارک اپارٹمنٹ سے متعلق ایک ہی نوعیت کے فیصلے دیے گئے تھے۔ حکومتیں نسلہ ٹاور کے متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
چیئرمین آباد محمد حسن بخشی نے کہا کہ سابق چیف جسٹس نسلہ ٹاور کے مکینوں سے معافی مانگیں تاکہ آئندہ عہدیدار اس سے سبق حاصل کریں، غلطی تسلیم کرنے سے انسان چھوٹا نہیں ہوتا بلکہ متاثرین کی داد رسی کا راستہ ہموار ہوتا ہے، نسلہ ٹاور کو گرانے کے فیصلے سے تعمیراتی صنعت طویل عرصے تک جمود کا شکار رہی، امید ہے آئندہ عدالتیں آج متعین کی گئی قانونی سمت پر عمل درآمد کریں گی۔ ازخود نوٹس کے اختیار کا ناجائز استعمال نہیں ہونا چاہیے۔
حسن بخشی نے کہا کہ چند غلط فیصلے ملک و قوم کو کئی برس پیچھے دھکیل دیتے ہیں، ہم سمجھتے ہیں کہ 44 خاندانوں کے ساتھ عدالتی ناانصافی ہوئی۔ اس وقت کے صوبائی وزیر ہاؤسنگ سعید غنی کے شکر گزار ہیں جنہوں نے نسلہ ٹاور گرانے سے انکار کیا۔ آباد کے ان اراکین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے لاٹھی چارج برداشت کیا اور جیلیں کاٹیں۔
