ایم کیو ایم کی احتجاجی سیاست کو کراچی کے مزدوروں نے مسترد کر دیا ہے: اسلم سموں
کراچی: پیپلز لیبر بیورو کراچی ڈویژن کے صدر، چیئرمین لیبر کمیٹی اور سٹی لیبر کونسلر محمد اسلم سموں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کی احتجاجی سیاست کو کراچی کے مزدوروں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے۔ کے ایم سی ہیڈ آفس کے باہر ریٹائرڈ ملازمین کے نام پر منعقد کیا جانے والا احتجاج بری طرح ناکام ثابت ہوا، جس سے واضح ہوگیا کہ ملازمین مفاد پرستانہ سیاست کا حصہ بننے کے لیے تیار نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے اپنے ذاتی اور سیاسی مفادات کو مزدوروں کے حقوق کا رنگ دینے کی ناکام کوشش کی، مگر کراچی کے باشعور مزدوروں اور پنشنرز نے اس منفی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کو دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنی سیاسی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے پر توجہ دینی چاہیے۔ جن کی اپنی جماعت میں کوئی نہیں سن رہا اور آپس اختلافات موجود ہوں، انہیں دوسروں کو سیاسی درس دینے سے پہلے اپنے اندرونی معاملات درست کرنے چاہییں۔
محمد اسلم سموں نے کہا کہ یہ احتجاج ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب موجودہ بلدیاتی قیادت پہلی مرتبہ سنجیدگی اور عملی اقدامات کے ذریعے پنشنرز اور ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی، پنشن کارڈ کے اجرا، جعلی پنشنرز کی نشاندہی اور مالیاتی شفافیت کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ناقابلِ تردید حقیقت ہے کہ 2013ء سے ہزاروں ریٹائرڈ ملازمین اپنے پنشن اور دیگر واجبات کے منتظر رہے، جس کا ریکارڈ سرکاری دستاویزات اور عدالتی کارروائیوں میں موجود ہے۔ ماضی میں کراچی کے مختلف ادوار کے میئرز کے دور میں ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات کی ادائیگی مسلسل تاخیر کا شکار رہی، لیکن موجودہ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے اپنی مختصر مدتِ میئرشپ میں دوسری مرتبہ ریٹائرڈ ملازمین میں واجبات کے چیکس تقسیم کیے، پنشن کارڈ جاری کیے اور مالیاتی شفافیت کے لیے مؤثر اقدامات کیے۔ انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ بلدیاتی قیادت اپنی آئینی مدت کے دوران تمام واجبات کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
محمد اسلم سموں نے کہا کہ محدود مالی وسائل کے باوجود اربوں روپے کے واجبات کی ادائیگی کا آغاز کیا جا چکا ہے، جسے ریٹائرڈ ملازمین کی بڑی تعداد نے سراہا ہے۔ ایسے سیاسی مقاصد پر مبنی احتجاج درحقیقت پنشنرز کے حقیقی مفادات کے خلاف ہیں اور ناکام عناصر کی بوکھلاہٹ کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز لیبر بیورو ہر ریٹائرڈ ملازم کے جائز اور قانونی حق کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور امید رکھتا ہے کہ باقی ماندہ واجبات بھی ترجیحی بنیادوں پر ادا کیے جائیں گے۔
انہوں نے حکومت سندھ، میئر کراچی اور متعلقہ اداروں سے اپیل کرتے ہیں کہ واجبات کی ادائیگی کا عمل مزید تیز کیا جائے تاکہ برسوں سے انتظار کرنے والے تمام ریٹائرڈ ملازمین کو جلد از جلد ان کا قانونی حق مل سکے۔
