چیئرمین محمد یوسف کا سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کا معائنہ،کوالٹی اور معیار پر اظہار اطمینان

چیئرمین محمد یوسف کا سڑکوں کی بحالی کے منصوبوں کا معائنہ،کوالٹی اور معیار پر اظہار اطمینان

کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے دو منٹ چورنگی تا الحمید اسکول زیر تعمیر سڑک پر جاری روڈ کارپٹنگ کے کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس موقع پر متعلقہ افسران نے انہیں تعمیراتی کام کی رفتار، معیار اور تکمیل کے مختلف مراحل پر بریفنگ دی۔

چیئرمین نے ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں اعلیٰ معیار کے ساتھ مکمل کیے جائیں تاکہ عوام کو دیرپا سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

معائنے کے دوران چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں سڑکوں اور پیور بلاک سے تعمیر ہونے والی ماڈل گلیوں کا وسیع جال بچھایا جا رہا ہے اور علاقے کی محرومیاں دور کرنے کے لیے تعمیر و ترقی کا سفر پوری رفتار سے جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں خدمت کا مینڈیٹ دیا ہے، اور عوام کے اسی اعتماد کو پورا کرنا جماعت اسلامی اور ان کے نمائندوں کی اولین ذمہ داری ہے۔ہم سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر ہر محلے اور ہر یونین کونسل میں یکساں بنیادوں پر ترقیاتی کام کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف علاقوں میں گیس کمپنی کے ترقیاتی کاموں کے دوران سڑکیں، گلیاں، پانی اور سیوریج کا نظام شدید متاثر ہوا، جس کے باعث شہریوں کو طویل عرصے تک مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اب جیسے ہی گیس کمپنی کے منصوبے مکمل ہوئے ہیں، نیو کراچی ٹاؤن نے متاثرہ سڑکوں اور گلیوں کی بحالی کا کام تیزی سے شروع کر دیا ہے تاکہ شہریوں کو جلد از جلد بہتر سفری سہولیات میسر آسکیں۔

چیئرمین محمد یوسف نے مزید کہا کہ ہماری کوشش صرف سڑکیں تعمیر کرنا نہیں بلکہ عوام کا اعتماد بحال کرنا بھی ہے۔ مضبوط انفراسٹرکچر کسی بھی علاقے کی ترقی کی بنیاد ہوتا ہے، اسی لیے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جائے تاکہ تعمیراتی کام شفافیت، معیار اور مقررہ وقت کے مطابق مکمل ہوں۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو ایک جدید، صاف ستھرا اور بہتر شہری سہولیات سے آراستہ علاقہ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ عوام کی مشکلات کا ازالہ، بہتر انفراسٹرکچر کی فراہمی اور بنیادی سہولیات کی بہتری ہماری اولین ترجیح ہے، اور ان شاء اللہ ترقیاتی منصوبوں کا یہ سلسلہ اسی جذبے کے ساتھ جاری رہے گا۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں