گلبرگ ٹاؤن میں اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل اسکلز اینڈ اے آئی ورکشاپ، تربیت مکمل کرنے والوں میں اسناد تقسیم

گلبرگ ٹاؤن میں اساتذہ کے لیے ڈیجیٹل اسکلز اینڈ اے آئی ورکشاپ، تربیت مکمل کرنے والوں میں اسناد تقسیم

کراچی: محکمہ تعلیم گلبرگ ٹاؤن کے زیر اہتمام سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے بلاک 17 کے ابو تراب اسکول میں ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے نام سے منسوب ٹیک اسپیس میں ڈیجیٹل اسکلز اینڈ اے آئی ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام میں چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ، سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ، ڈائریکٹر ایجوکیشن ندیم حنیف، ڈپٹی ڈائریکٹر عائشہ قمر، ظفر قریشی،انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ماہرین طلحہ محمود اور عماد عارف اور محکمہ تعلیم کے دیگر افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں گزشتہ سال سے اساتذہ کی مسلسل تربیت کا سلسلہ جاری ہے کیونکہ بہتر اساتذہ ہی بہتر طالب علم اور ایک باصلاحیت قوم کی بنیاد رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) اور جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے دور میں اساتذہ کو جدید تدریسی مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ گلبرگ ٹاؤن کی منتخب بلدیاتی قیادت سرکاری اسکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ، اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت اور طلبہ کو جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

سابق ٹاؤن ناظم فاروق نعمت اللہ نے کہا کہ سرکاری اسکولوں میں تعلیمی معیار کی بہتری کا انحصار اساتذہ کی استعدادِ کار پر ہے، اسی لیے جدید تقاضوں کے مطابق تربیتی پروگراموں کا تسلسل انتہائی ضروری ہے تاکہ طلبہ کو معیاری اور عصری تعلیم فراہم کی جا سکے۔

ورکشاپ کے دوران اساتذہ کو ڈیجیٹل ٹولز، جدید تدریسی طریقوں اور مصنوعی ذہانت کے تعلیمی استعمال سے متعلق عملی تربیت دی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر تربیت مکمل کرنے والے اساتذہ میں اسناد تقسیم کی گئیں۔ شرکاء نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے محکمہ تعلیم گلبرگ ٹاؤن کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے تربیتی پروگراموں کے تسلسل کی امید ظاہر کی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں