5جولائی تاریخ کا سیاہ دن ہے، عوام کے حقِ حکمرانی پر شب خون مارا گیا: شرجیل انعام میمن
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا 5 جولائی کے موقع پر پیغام
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ 5 جولائی 1977 تاریخ کا سیاہ دن ہے، عوام کے حقِ حکمرانی پر شب خون مارا گیا،5 جولائی کے غیر جمہوری عمل نے سیاست، معاشرے اور قومی ترقی پر گہرے منفی اثرات مرتب کیے۔آج کا دن آئینی بالادستی، جمہوری تسلسل اور عوامی حقِ رائے دہی کے تحفظ کے تجدید عہد کا دن ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے جمہوریت، آئین اور عوام کے حقوق کے لیے تاریخی جدوجہد کی۔
شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شہید بھٹو اور شہید بی بی کی سیاسی جدوجہد پاکستان میں جمہوری اقدار کے فروغ کی تاریخ کا اہم باب ہے،ماضی کے تلخ اسباق ہمیں سکھاتے ہیں کہ قومی استحکام و ترقی کا راستہ جمہوریت، آئین اور قانون کی حکمرانی سے ہو کر گزرتا ہے، پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ آئین، جمہوریت اور عوامی حقوق کی علمبردار رہی ہے،پیپلز پارٹی کے قائدین و کارکنوں نے جمہوری اقدار کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ سندھ حکومت، پاکستان پیپلز پارٹی کے قیادت کے وژن کے مطابق، جمہوری اقدار کے فروغ عوامی خدمت کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔
