وزیراعظم کی ترک کاروباری گروپوں سے ملاقاتیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت
ملاقاتوں میں پاک ترک تعلقات کو ایک مضبوط اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا
وزیراعظم شہباز شریف نے ترک کاروباری گروپوں سے اہم ملاقاتیں کی ہیں، جس میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے حوالے سے تفصیلی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے استنبول میں ترکیہ کے سرکردہ کاروباری گروپوں اور صنعتی تنظیموں کے اعلیٰ عہدیداران نے الگ الگ ملاقاتیں کیں
دوران ملاقات اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور معیشت کے کلیدی شعبوں میں ترکی کی مزید سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
وزیراعظم کی چالک ہولڈنگ (Çalık Holding) کے چیئرمین احمد چالک، البیرک گروپ (Albayrak Group) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین احمد البیرک اور یونین آف دی چیمبر اینڈ کموڈیٹی ایکسچینجز آف ترکیہ کے صدر رفعت حصارسیکیعلو سے ملاقاتیں ہوئیں۔ان ملاقاتوں کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان گہرے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور دونوں ممالک کے غیر معمولی تعلقات کو ایک مضبوط اقتصادی اور سرمایہ کاری شراکت داری میں تبدیل کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔
وزیراعظم نے ترک کمپنیوں کو پاکستان کے ترجیحی شعبوں بشمول توانائی، کان کنی و معدنیات، انفرا اسٹرکچر، میری ٹائم (بحری امور) و لاجسٹکس، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیلی کمیونیکیشن، مینوفیکچرنگ، زراعت اور نجکاری میں اپنی سرمایہ کاری کا دائرہ کار بڑھانے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (SIFC)، متعلقہ وفاقی اور صوبائی حکام کے ساتھ قریبی تعاون سے کام کرتے ہوئے، اسٹریٹجک سرمایہ کاروں کو ون ونڈو سہولت اور ادارہ جاتی معاونت فراہم کر رہی ہے۔
