لانڈھی ٹاؤن کے وفد کی چیئرمین کورنگی ٹاؤن سے ملاقات، متوقع مون سون بارشوں کے حوالے سے گفتگو
کراچی: متوقع مون سون بارشوں کے پیشِ نظر نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر بنانے اور سیوریج کے مسائل کے بروقت حل کے لیے چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل نے جماعت اسلامی لانڈھی اور یوسی چیئرمینز کے وفد کے ہمراہ چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ سے ان کے دفتر میں اہم ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ٹاؤنز کی مشترکہ حدود میں موجود سیوریج لائنوں، برساتی پانی کی نکاسی، نالوں کی صفائی اور عوام کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ مون سون بارشوں سے قبل تمام متعلقہ محکموں کو متحرک کیا جا رہا ہے تاکہ سیوریج لائنوں کی صفائی، چوک شدہ مین ہولز کی بحالی، خراب لائنوں کا تبادلہ اور برساتی پانی کی بلا تعطل نکاسی کو یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جا رہے ہیں۔
چیئرمین لانڈھی ٹاؤن عبدالجمیل نے اس موقع پر کہا کہ لانڈھی اور کورنگی کی مشترکہ آبادی کو درپیش سیوریج کے مسائل کے حل کے لیے دونوں ٹاؤنز کے درمیان باہمی تعاون نہایت ضروری ہے۔ بارشوں سے قبل مشترکہ حکمت عملی اختیار کرکے نکاسیٔ آب کے نظام کو مؤثر بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ٹاؤنز کے انجینئرنگ، سینی ٹیشن اور متعلقہ شعبے باہمی رابطے کے ذریعے مشترکہ علاقوں میں فوری اقدامات کریں گے، سیوریج لائنوں کی صفائی کا عمل تیز کیا جائے گا، نالوں سے کچرا اور ملبہ ہٹایا جائے گا اور جہاں ضرورت ہوگی وہاں ہنگامی بنیادوں پر مشینری اور عملہ تعینات کیا جائے گا۔
دونوں چیئرمینز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مفاد کو ہر صورت مقدم رکھا جائے گا اور بارشوں کے دوران شہریوں کو درپیش مشکلات کم سے کم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائیں، نکاسیٔ آب کے نظام کی مسلسل نگرانی کریں اور شکایات کے فوری ازالے کے لیے مربوط اقدامات کریں تاکہ مون سون کے دوران شہریوں کو بہتر بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
