میئر کراچی نے گلستانِ جوہر اور بولٹن مارکیٹ کے نئے بحال شدہ فائر اسٹیشنز کا افتتاح کردیا

میئر کراچی نے گلستانِ جوہر اور بولٹن مارکیٹ کے نئے بحال شدہ فائر اسٹیشنز کا افتتاح کردیا

کراچی: میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے شہر میں ہنگامی امدادی خدمات اور آگ بجھانے کی صلاحیت کو مزید مؤثر بنانے کی جانب ایک اہم پیشرفت کے طور پر گلستانِ جوہر اور بولٹن مارکیٹ میں نئے بحال شدہ فائر اسٹیشنز کا افتتاح کردیا۔

یہ اقدام بلدیہ عظمیٰ کراچی کی اس جامع حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد شہر کے ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے شہریوں کو تیز رفتار اور مؤثر ہنگامی خدمات فراہم کرنا ہے، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے۔

میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ان فائر اسٹیشنز کا قیام شہر میں ہنگامی حالات سے نمٹنے کی استعداد بڑھانے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے، انہوں نے بتایا کہ گلستانِ جوہر فائر اسٹیشن تقریباً تین دہائیوں بعد بحال کیا گیا ہے جو طویل عرصے سے غیر فعال اور ویران پڑا تھا، اب اسے مکمل طور پر فعال ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کی شکل دے دی گئی ہے جو گلستانِ جوہر اور اس سے ملحقہ علاقوں کو خدمات فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ماضی میں کئی بڑے اور تباہ کن آتشزدگی کے واقعات کا سامنا کرچکا ہے جن سے یہ سبق ملا کہ شہر کو مضبوط انفراسٹرکچر، جدید آلات اور بہتر تیاری کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے کہاکہ ہم نے ماضی کے تجربات سے سیکھتے ہوئے عملی اقدامات کیے ہیں تاکہ ہمارا فائر فائٹنگ اور ایمرجنسی ریسپانس سسٹم مستقبل کے چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹ سکے،میئر کراچی نے کہا کہ فائر اسٹیشنز کی بحالی ایک وسیع تر جدیدپروگرام کا حصہ ہے، موجودہ فائر اسٹیشنز کی مرمت اور اپ گریڈیشن کے ساتھ ساتھ حکومت سندھ کے تعاون سے جدید ترین فائر فائٹنگ مشینری اور آلات بھی خریدے جارہے ہیں تاکہ شہر کے فائر اینڈ ریسکیو نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے.

انہوں نے بتایا کہ صدرپاکستان آصف علی زرداری کی خصوصی ہدایات اور حکومت سندھ کے مکمل تعاون سے کراچی کی فائر فائٹنگ سروسز کو جدید بنانے کے لیے اربوں روپے کے منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، اس منصوبے کے تحت جدید فائر فائٹنگ مشینری اور آلات کی خریداری کے لیے بین الاقوامی مسابقتی ٹینڈر جاری کیا جا چکا ہے جبکہ خریداری کا عمل جلد مکمل ہونے کی توقع ہے.

میئر کراچی نے بتایا کہ اپ گریڈ کئے جانے والے فائر اسٹیشنز میں جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی جن میں لاکھوں گیلن پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش رکھنے والے ہائی کیپیسٹی واٹر اسٹوریج ٹینکس، شمسی توانائی پر مبنی نظام اور جدید آپریشنل انفراسٹرکچر شامل ہوگا تاکہ ہنگامی خدمات بلا تعطل جاری رہ سکیں.

انہوں نے کہا کہ گلستانِ جوہر فائر اسٹیشن کی بحالی سے قبل گلشن فائر اسٹیشن کو گلشنِ اقبال اور گلستانِ جوہر دونوں علاقوں میں ہنگامی صورتحال سے نمٹنا پڑتا تھا جس کے باعث دستیاب وسائل پر غیرمعمولی دباؤ رہتا تھا، اب گلستانِ جوہر فائر اسٹیشن کی بحالی کے بعد دونوں اسٹیشنز ذمہ داریاں تقسیم کرکے خدمات انجام دیں گے جس سے رسپانس ٹائم میں نمایاں کمی آئے گی اور شہر میں آگ لگنے یا دیگر ہنگامی حالات سے نمٹنے کی صلاحیت مزید بہتر ہوگی،انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور شہر کی انتظامیہ شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ہر شعبے میں بھرپور اقدامات جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ جاری ترقیاتی منصوبے اور بلدیاتی خدمات میں بہتری اس بات کا واضح ثبوت ہیں کہ حکومت کراچی کے شہریوں کو عملی نتائج فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے.

انہوں نے کہاکہ کراچی کی ترقی کسی ایک محکمے تک محدود نہیں بلکہ ہم شہر بھر میں جدید انفراسٹرکچر، بہتر عوامی خدمات اور معیاری سہولیات کی فراہمی پر سرمایہ کاری کررہے ہیں، یہ تمام منصوبے شہریوں کو محفوظ، مؤثر اور بہتر انتظامی نظام سے آراستہ کراچی فراہم کرنے کے ہمارے عزم کی عکاسی کرتے ہیں.

اس موقع پر میونسپل کمشنر کے ایم سی ابرار جعفر، ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز طارق مغل، چیف فائر آفیسر، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینئر افسران اور دیگر معزز شخصیات بھی موجود تھیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں