شیما کرمانی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی عوامی آگاہی مہم ’’صفائی کے سفیر‘‘ کا حصہ بن گئیں
کراچی: معروف کلاسیکل ڈانسر اور سماجی کارکن شیما کرمانی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کی عوامی آگاہی مہم ’’صفائی کے سفیر‘‘ کا حصہ بن گئیں۔
اپنے ویڈیو پیغام میں شیما کرمانی نے کہا کہ خوبصورت شہر کسی قوم کی شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔
انہوں نے کراچی کو پاکستان کا دل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس شہر کی زندگی اور رونق کا دارومدار صاف اور صحت مند ماحول پر ہے، مؤثر کچرا انتظام کسی ایک ادارے کے بس کی بات نہیں بلکہ ہر شہری کو صفائی برقرار رکھنے میں فعال کردار ادا کرنا ہو گا۔
شیما کرمانی نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کچرا ذمہ داری سے ٹھکانے لگائیں، جہاں ممکن ہو کچرے کی پیداوار کم کریں اور قابلِ استعمال و قابلِ ری سائیکل مواد کو دوبارہ استعمال اور ری سائیکل کرنے کے رجحان کو فروغ دیں تاکہ ایک صاف، صحت مند اور بہتر شہر تعمیر کیا جا سکے۔
سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے منیجنگ ڈائریکٹر طارق علی نظامانی نے شیما کرمانی کی شرکت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ عوامی آگاہی پائیدار کچرا انتظام کے مضبوط ترین ستونوں میں سے ایک ہے۔
انہوں نے کہا کہ فن، ثقافت اور سماجی ترقی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی معتبر آوازیں عوامی رویوں پر اثر انداز ہونے اور دیرپا مثبت تبدیلی پیدا کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
طارق علی نظامانی نے امید ظاہر کی کہ شیما کرمانی کا پیغام مزید شہریوں کو یہ سمجھنے کی ترغیب دے گا کہ صفائی ایک مشترکہ شہری ذمہ داری ہے۔
