میزائل اور یورینیم پرسمجھوتا نہیں ہو گا: ایران کا دوٹوک مؤقف
آبنائے ہرمز ہماری طاقت ہے، میزائل اور یورینیم پر سمجھوتا نہیں ہو گا، ایران کا دوٹوک مؤقف
ایرانی پارلیمنٹ میں اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ صرف دو ہفتوں سے بھی کم عرصے میں 4 کروڑ بیرل سے زائد تیل برآمد کیا جا چکا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر اور امریکا کے ساتھ مذاکرات میں اہم کردار ادا کرنے والے محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز ایران کی سب سے بڑی تزویراتی طاقت ہے اور تہران کسی بھی صورت اس پر اپنی خودمختاری سے دستبردار نہیں ہوگا۔
قالیباف نے امریکا کے ساتھ طے پانے والی مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر بات کرتے ہوئے کہا کہ معاہدے کے تحت آبنائے ہرمز میں سمندری خدمات کی فیس سے صرف 60 روزہ عارضی استثنا دیا گیا ہے تاہم اس کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ ایران اپنے مؤقف میں کوئی نرمی لائے گا۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز ہماری علاقائی سمندری حدود کا حصہ ہے۔ امریکا یہ تاثر دینے کی کوشش نہ کرے کہ ایران نے اس آبی گزرگاہ کو عسکری بنا دیا ہے۔ ہم کسی بھی قیمت پر اپنے مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکرمحمد باقر قالیباف نے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ مذاکرات اس وقت تک آگے نہیں بڑھیں گے جب تک مفاہمتی یادداشت کی پانچ بنیادی شقوں پر عملدرآمد نہیں ہو جاتا۔
