کورنگی ٹاؤن کا بجٹ 2027-2026 منظور، تعلیم، پانی، ترقی، انفراسٹرکچر اور عوامی فلاح اولین ترجیح قرار
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے وائس چیئرمین زرین اعوان کے ہمراہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کے کونسل ہال میں ہونے والے اجلاس میں مالی سال 2027-2026 کا سالانہ بجٹ پیش کر دیا۔ بجٹ اجلاس میں کونسل اراکین، مختلف محکموں کے سربراہان، افسران، ملازمین اور دیگر متعلقہ شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا بعدازاں گزشتہ مالی سال کی کارکردگی پر تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی، جس میں کورنگی ٹاؤن کی جانب سے صفائی ستھرائی، سینی ٹیشن، ترقیاتی منصوبوں، سڑکوں اور گلیوں کی تعمیر و مرمت، نکاسیٔ آب، اسٹریٹ لائٹس، پارکس، شجرکاری، صحت اور دیگر بلدیاتی خدمات کے حوالے سے کیے گئے اقدامات سے ایوان کو آگاہ کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے مالی سال 2027-2026 کا بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ بجٹ عوامی ضروریات، شفاف طرز حکمرانی، ترقیاتی منصوبوں، تعلیم، نوجوانوں کی فنی تربیت اور شہری سہولیات کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیا گیا ہے۔ کورنگی ٹاؤن محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ "پڑھے گا کورنگی تو بڑھے گا کراچی” کورنگی ٹاؤن کی ترقی کا بنیادی وژن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو جدید تعلیم اور ہنر سے آراستہ کیے بغیر معاشرے کی ترقی ممکن نہیں، اسی سوچ کے تحت کورنگی ٹاؤن نے پیپلز یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام (PYSDP) کا آغاز کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیپلز یوتھ اسکلز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت جاری آئی ٹی کورسز کے پہلے بیچ کے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں لیپ ٹاپ تقسیم کیے گئے تا کہ ان کی حوصلہ افزائی ہو اور وہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے مستقبل کو مزید روشن بنا سکیں۔ اس کے ساتھ ہی دوسرا بیچ کامیابی سے مکمل کرنے والے 1200 سے زائد طلبہ و طالبات کو ٹیکنیکل بورڈ کی جانب سے سرٹیفکیٹس جاری کیے جائیں گے، جو ان کے لیے بہتر روزگار اور پیشہ ورانہ زندگی میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے مزید اعلان کیا کہ Y-Area میں جدید طرز کا کیمبرج اسکول بن کر مکمل ہو چکا ہے اور تیاریاں آخری مراحل میں ہیں، اسی ماہ اس میں داخلوں کا باقاعدہ آغاز بھی کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس تعلیمی ادارے کے قیام سے علاقے کے بچوں کو عالمی معیار کی تعلیم اپنے ہی علاقے میں میسر آئے گی اور والدین کو بہتر تعلیمی سہولت حاصل ہوگی۔
اپنے خطاب میں چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کورنگی میں پانی کے بحران کو انتہائی اہم مسئلہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پانی کی قلت کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ کورنگی میں موجود 30 سے زائد نجی پمپ، جنہیں واٹر مافیا چلا رہا ہے، انہیں واٹر بورڈ کے تعاون سے ختم کرایا جائے گا اور کورنگی ٹاؤن ان کا انتظام اپنے تحویل میں لے گا۔انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لیے کورنگی ٹاؤن میں ایک علیحدہ واٹر مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ قائم کیا جائے گا، جس کا اپنا ڈائریکٹر، انجینئرنگ اور تکنیکی عملہ، فیلڈ اسٹاف اور انتظامی ڈھانچہ ہوگا۔ اس محکمے کے تمام انتظامی اور مینٹیننس اخراجات کورنگی ٹاؤن اپنے بجٹ سے برداشت کرے گا تاکہ شہریوں کو صاف پانی کی منصفانہ اور مستقل فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور واٹر مافیا کا مکمل خاتمہ ممکن ہو۔چیئرمین نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں ریٹائرڈ ملازمین کو بھی خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایل پی آر (LPR) کی مد میں واجبات اور چیکس کی ادائیگی کے لیے بھی مناسب فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملازمین کو ان کے جائز مالی حقوق بروقت فراہم کیے جا سکیں۔
بجٹ کی مالی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ مالی سال 2027-2026 کے لیے، کل تخمینہ آمدن 3,808,781,001 روپے۔کل تخمینہ اخراجات 3,862,555,125 روپے ، بجٹ خسارہ 53,774,124 روپے، اوپننگ بیلنس 1,681,001 روپے،او زیڈ ٹی (OZT) 2,400,000,000 روپے، ٹاؤن کی اپنی آمدنی 392,100,000 روپے، UIPT کی مد میں 150,000,000 روپے، UIPT کا ایک فیصد حصہ 100,000,000 روپے ،اینٹی انکروچمنٹ آپریشن سے متوقع آمدنی 765,000,000 روپے ،اسٹیبلشمنٹ اخراجات کے لیے 2,850,000,000 روپے، کنٹیجنسی کے لیے 200,000,000 روپے، ریپیئر اینڈ مینٹیننس کے لیے 154,500,000 روپے، ترقیاتی منصوبوں کے لیے 408,055,125 روپے، واجبات کی ادائیگی کے لیے 250,000,000 روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ تمام ترقیاتی اور انتظامی امور مؤثر انداز میں انجام دیے جا سکیں۔ چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کہا کہ ترقیاتی بجٹ کے ذریعے سڑکوں، گلیوں، نکاسیٔ آب، پارکس، گرین بیلٹس، اسٹریٹ لائٹس، صفائی ستھرائی، شجرکاری، کھیلوں کی سہولیات، تعلیمی منصوبوں اور دیگر عوامی فلاحی منصوبوں پر تیزی سے کام کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کورنگی ٹاؤن کو ایک صاف، سرسبز، ترقی یافتہ اور جدید بلدیاتی نظام کا حامل علاقہ بنایا جائے گا۔اجلاس کے اختتام پر اراکین كونسل نے کثرتِ رائے سے شو ہینڈ کر کے بجٹ پاس کر دیا، چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے تمام کونسل اراکین، افسران اور ملازمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کورنگی کی ترقی تمام منتخب نمائندوں اور انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ باہمی تعاون، شفافیت اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ کورنگی ٹاؤن کو ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچایا جائے گا۔ آخر میں چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے بجٹ اجلاس میں شریک تمام اراکینِ کونسل کو یادگاری تحائف پیش کیے اور ان کے تعاون کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ آئندہ بھی عوامی خدمت اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں انتظامیہ کا بھرپور ساتھ دیتے رہیں گے۔ بجٹ اجلاس خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوا اور شرکاء نے مالی سال 2027-2026 کے بجٹ کو کورنگی ٹاؤن کی ترقی، عوامی فلاح اور بہتر بلدیاتی نظام کی جانب ایک اہم قدم قرار دیا۔
