واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے صبر، استقامت، ایثار، قربانی اور حق پر ڈٹے رہنے کا ابدی درس ہے: محمد نعیم شیخ
کراچی: یومِ عاشور، 10 محرم الحرام کے موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے یوسی 9 میں واقع اپنی رہائش گاہ پر حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے نذرِ امام حسینؑ اور لنگرِ عام کا اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر مسجد میں باقاعدہ اعلانات کے ذریعے پورے علاقعہ مکینوں کو شرکت کی دعوت دی گئی، جس کے نتیجے میں بڑی تعداد میں علاقعہ مکینوں نے لنگر میں شرکت کی اور حضرت امام حسینؑ کی عظیم قربانی کو عقیدت و احترام کے ساتھ یاد کیا۔
اس موقع پر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے صدر جانی میمن نے خصوصی شرکت کی، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے سینئر نائب صدر شیراز وحید، جنرل سیکریٹری شرجیل رضوانی، سیکریٹری اطلاعات احمد رضا، ڈاکٹر طاہر سمیت پارٹی کے پی ایس صدور، مختلف یوسیز کے چیئرمینز، وائس چیئرمینز، ٹاؤن کے افسران، ملازمین، سماجی و سیاسی شخصیات اور علاقہ مکینوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔شرکاء نے شہدائے کربلا کی لازوال قربانیوں کو اسلام کی سربلندی، حق و صداقت اور ظلم کے خلاف جدوجہد کی روشن مثال قرار دیتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے صبر، استقامت، ایثار، قربانی اور حق پر ڈٹے رہنے کا ابدی درس ہے۔ پیپلز پارٹی ضلع کورنگی کے صدر جانی میمن نے کہا کہ چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے نذرِ امام حسینؑ، لنگرِ عام، میڈیکل کیمپس اور دودھ و مشروبات کی سبیلوں کا انعقاد عوامی خدمت اور اہلِ بیتؑ سے محبت کا خوبصورت اظہار ہے۔ لنگرِ عام میں آنے والے تمام شرکاء کی تواضع نہایت احسن انداز میں کی گئی، جبکہ نظم و ضبط، صفائی اور سہولیات کا بھی خصوصی خیال رکھا گیا تاکہ ہر آنے والا عزادار اور شہری بہترین ماحول میں نذرِ امام حسینؑ سے مستفید ہو سکے۔
بعد ازاں چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے ضلع کورنگی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا، جہاں ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی کی جانب سےکورنگی ½2 پر عزاداران اور شہریوں کی سہولت کے لیے قائم کیے گئے میڈیکل کیمپس، دودھ، شربت اور ٹھنڈے مشروبات کی مرکزی سبیل کا معائنہ کیا۔ انہوں نے میڈیکل کیمپس میں فراہم کی جانے والی طبی سہولیات، ادویات، ایمبولینس کی دستیابی اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور دیگر ملازمین کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے سبیلوں پر موجود رضاکاروں سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی سماجی خدمات کی تعریف کی اور ہدایت کی کہ عزاداران کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے تاکہ شدید گرمی کے موسم میں جلوسوں اور مجالس میں شرکت کرنے والوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ چیئرمین محمد نعیم شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر صفائی ستھرائی، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس، پانی کی فراہمی، طبی امداد اور دیگر بلدیاتی سہولیات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران اپنے مذہبی فرائض پرسکون ماحول میں انجام دے سکیں۔شرکاء نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی جانب سے نذرِ امام حسینؑ، لنگرِ عام، میڈیکل کیمپس اور سبیلوں کے بہترین انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات عوامی خدمت اور شہدائے کربلا سے محبت و عقیدت کا عملی اظہار ہیں، جن سے بھائی چارے، یکجہتی اور خدمتِ خلق کے جذبے کو مزید فروغ ملتا ہے۔
