قیمت کم ہوگئی عوام کو سستا پیٹرول نہیں دیا جارہا؛ ٹرمپ کا آئل کمپنیوں کیخلاف تحقیقات کا حکم
امریکی صدر نے تیل کمپنیوں پر زائد منافع خوری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ آئل کمپنیاں صارفین کو پیٹرول سستا ہونے کا فائدہ نہیں پہنچا رہی ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے خام تیل کی قیمت میں ریکارڈ کمی کے باوجود اس کا فائدہ عوام کو نہ پہنچانے پر تیل کمپنیوں اور پمپ مالکان کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
رپورٹ مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملک کی بڑی تیل کمپنیوں پر پیٹرول کی قیمتوں میں غیر ضروری اضافہ برقرار رکھنے کا الزام عائد کرتے ہوئے محکمہ انصاف کو فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے۔
اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود صارفین کو اس کا فائدہ نہیں پہنچایا جا رہا۔خام تیل کی قیمتیں تیزی سے نیچے آ رہی ہیں لیکن پٹرول پمپوں پر عوام سے اب بھی زیادہ قیمتیں وصول کی جا رہی ہیں۔ بڑی تیل کمپنیاں خام تیل سستا خرید رہی ہیں۔
امریکی صدر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ سستے داموں خام تیل لینے والی آئل کمپنیاں پیٹرول کی قیمتیں اسی تناسب سے کم نہیں کر رہیں۔ قیمتیں پتھر کی طرح نیچے گر رہی ہیں لیکن صارفین سے زیادہ رقم وصول کی جا رہی ہے۔
امریکی صدر ٹرمپ نے پیٹرول پمپس پر عوام سے زیادہ قیمتیں وصول کرنے کو سراسر استحصال قرار دیتے ہوئے سخت قانونی چارہ جوئی کا عندیہ دیا۔
