خواہش ہے کہ کورنگی ٹاؤن کا ہر علاقہ سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے:محمد نعیم شیخ
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے یونین کونسل 7 کے 11000 روڈ کے گرین بیلٹ پر شجرکاری کے تحت پودا لگا کر ماحول دوست سرگرمیوں کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔ اس موقع پر صدر پی ایس 124 محمد اعظم غوری، ڈائریکٹرز و ڈپٹی ڈائریکٹرز پارکس، ڈائریکٹر سینی ٹیشن سمیت متعلقہ محکموں کے افسران اور دیگر عملہ بھی موجود تھا۔
کورنگی ٹاؤن کی انتظامیہ اس سے قبل بھی گرین بیلٹس اور شاہراہوں پر بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم چلاتی رہی ہے تاکہ علاقے کو مزید سرسبز اور آلودگی سے پاک بنایا جا سکے۔ تقریب سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کہا کہ درخت قدرت کا قیمتی تحفہ ہیں اور یہ نہ صرف ماحول کو خوبصورت بناتے ہیں بلکہ آلودگی میں کمی، درجہ حرارت کو معتدل رکھنے، صاف فضا کی فراہمی اور آنے والی نسلوں کو صحت مند ماحول دینے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے خطرات کے پیش نظر شجرکاری وقت کی اہم ضرورت ہے اور ہر شہری کو اس قومی ذمہ داری میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ گرین بیلٹس، پارکس اور شاہراہوں کے اطراف لگائے جانے والے پودوں کی مستقل دیکھ بھال، پانی کی بروقت فراہمی، حفاظتی اقدامات اور مناسب نگرانی کو یقینی بنایا جائے تاکہ ہر پودا تناور درخت بن سکے۔ انہوں نے کہا کہ صرف پودے لگانا کافی نہیں بلکہ ان کی حفاظت اور نگہداشت بھی اتنی ہی ضروری ہے۔
چیئرمین کورنگی ٹاؤن نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ کورنگی ٹاؤن کا ہر علاقہ سرسبز، صاف ستھرا اور خوبصورت نظر آئے۔ اس مقصد کے لیے پارکس کی بحالی، گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش اور شجرکاری کے منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جا رہی ہے تاکہ شہریوں کو بہتر، صحت مند اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
