میئر کراچی کی تمام میونسپل کمشنرز کو ترقیاتی منصوبے جلد مکمل کرنے اور بیوٹیفکیشن کا عمل مزید مؤثر بنانے کی ہدایت
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کی صدارت میں کراچی کے تمام ٹاؤن میونسپل کمشنرز کا اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں روڈ کٹنگ، نالوں کی صفائی اور دیگر ترقیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
ٹاؤن میونسپل کمشنرز نے میئر کراچی کو اپنے اپنے ٹاؤنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی آئندہ دنوں میں شہر بھر میں میگا ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کرے گی، جبکہ 170 سڑکوں کی بحالی کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔ ان سڑکوں کا زیادہ تر تعلق ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز سے ہے، اور ہم سب کراچی کی ترقی کے لیے یکساں طور پر پرعزم ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد انہیں متعلقہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کے حوالے کیا جائے گا تاکہ بعد ازاں غیر ضروری روڈ کٹنگ سے بچا جا سکے۔سندھ حکومت کراچی کے انفراسٹرکچر کو مزید بہتر بنانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، اور ہماری پوری کوشش ہے کہ رواں سال شہر کو مزید ترقی یافتہ بنایا جائے۔۔شہریوں کو اس بات سے کوئی غرض نہیں کہ کام بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں ہو یا ٹاؤن میونسپل کارپوریشنز کی؛ انہیں صرف بہتر سہولیات درکار ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بطور میئر کراچی، شہر کے تمام شہری مجھ سے توقعات وابستہ رکھتے ہیں، اور ان کی امیدوں پر پورا اترنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔روڈ کٹنگ کے تمام پرمٹس 30 دن کی مدت کے لیے جاری کیے جائیں تاکہ کٹنگ کے بعد بحالی کا کام جلد از جلد مکمل ہو اور شہریوں کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے۔
میئر کراچی نے تمام میونسپل کمشنرز کو شہر میں جاری ترقیاتی منصوبے جلد از جلد مکمل کرنے اور بیوٹیفکیشن کے عمل کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ڈی جی ٹیکنیکل بلدیہ عظمیٰ کراچی طارق مغل، سینئر ڈائریکٹر کوآرڈینیشن اخلاق یوسف زئی اور ٹاؤن میونسپل کمشنرز نے شرکت کی۔
