چیئرمین کورنگی ٹاؤن کا مختلف علاقوں کا دورہ،جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے یونین کونسل نمبر 5، کورنگی نمبر 2 کا تفصیلی دورہ کرتے ہوئے جاری ترقیاتی منصوبے کے تحت کلوٹ (Culvert) کی تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ انجنیئر اقبال صغیر، ڈائریکٹر پارکس معین جت اور متعلقہ افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ دورے کے دوران چیئرمین محمد نعیم شیخ نے تعمیراتی کام کی رفتار، معیار، تکنیکی پہلوؤں اور استعمال ہونے والے میٹریل کا تفصیلی جائزہ لیا۔
انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ منصوبے کی تکمیل مقررہ مدت میں یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے تاکہ شہریوں کو دیرپا اور معیاری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
اس موقع پر چیئرمین محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی تمام یونین کونسلوں میں ترقیاتی منصوبے مرحلہ وار مکمل کیے جا رہے ہیں۔ نکاسی آب کے مؤثر نظام، سڑکوں اور گلیوں کی بہتری، سیوریج کے مسائل کے خاتمے اور بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کلوٹ کی تعمیر سے بارش کے دوران پانی کی روانی بہتر ہوگی، نکاسی آب کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور علاقہ مکینوں کو آمدورفت میں سہولت حاصل ہوگی۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ تعمیراتی کام کے دوران عوام کو کم سے کم دشواری کا سامنا ہو، صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھا جائے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکس کا ایک ایک روپیہ دیانتداری اور شفافیت کے ساتھ عوامی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جا رہا ہے اور ترقیاتی منصوبوں کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ ہر منصوبہ بہترین معیار کے مطابق مکمل ہو۔
اسسٹنٹ انجنیئر اقبال صغیر نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن کو منصوبے کی تکنیکی تفصیلات، پیش رفت اور تکمیل کے متوقع وقت کے حوالے سے بریفنگ دی، جبکہ ڈائریکٹر پارکس معین جت نے بھی متعلقہ امور پر آگاہ کیا۔
علاقہ مکینوں نے چیئرمین محمد نعیم شیخ کی جانب سے جاری ترقیاتی اقدامات کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ان منصوبوں کی تکمیل سے کورنگی نمبر 2 میں شہری سہولیات مزید بہتر ہوں گی، نکاسی آب کے دیرینہ مسائل میں کمی آئے گی اور علاقے کا انفراسٹرکچر جدید تقاضوں کے مطابق مضبوط ہوگا۔
چیئرمین محمد نعیم شیخ نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ کورنگی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی، عوامی مسائل کے فوری حل اور شہریوں کو بہتر سے بہتر سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
