چیئرمین اور وائیس چیئرمین جناح ٹاؤن کی ہدایات پر محرم الحرام کے موقع پربلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لئے سرگرمیاں تیزی سے جاری
کراچی: چیئرمین جناح ٹاؤن رضوان عبد السمیع کی خصوصی ہدایات اور وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان کی مسلسل نگرانی میں محرم الحرام کے موقع پر عزاداران اور شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کے لیے یونین کمیٹی 02 میں ترقیاتی اور بلدیاتی سرگرمیاں تیزی سے جاری ہیں۔
وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان کی سربراہی میں نشتر پارک، پارسی کالونی اور امام محفل شاہِ خراسان کے اطراف سڑکوں کی ازسرِنو تعمیر اور استرکاری کا کام ہنگامی بنیادوں پر جاری ہے، جبکہ ان علاقوں میں اسٹریٹ لائٹس کی تنصیب، مرمت اور بحالی کا کام بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران عزاداران کو بہتر روشنی اور محفوظ آمدورفت کی سہولت میسر آ سکے۔
دوسری جانب محکمہ سینیٹیشن بھی متحرک ہے اور جلوس و مجالس کے راستوں سمیت اطراف کے علاقوں میں صفائی ستھرائی، کچرے کی بروقت منتقلی اور ماحول کو صاف رکھنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہا ہے۔ مختلف مقامات پر خصوصی صفائی مہم جاری ہے تاکہ محرم الحرام کے دوران شہریوں اور عزاداران کو صاف ستھرا ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر میونسپل کمشنر جناح ٹاؤن رئیس الٰہی بخش کی خصوصی کاوشوں، مؤثر منصوبہ بندی اور مسلسل فالو اپ کے باعث تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے کے ساتھ کام کر رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبے تیزی سے پایۂ تکمیل کی جانب گامزن ہیں۔
کاموں کے معائنے کے دوران ایکسین بی اینڈ آر اعجاز عالم، یو سی چیئرمین یو سی 04 راؤ عاطف، وائس چیئرمین یو سی 04 ضیاء الحق، یو سی 02 کے کونسلر و جناح ٹاؤن کوآرڈینیٹر عمیر، جماعتِ اسلامی کے کوآرڈینیٹر ولید صاحب، جعفریہ الائنس کے جنرل سیکریٹری عون علی اور متعلقہ محکموں کا عملہ بھی موجود رہا اور جاری سرگرمیوں کی نگرانی کرتا رہا۔ اس موقع پر عون علی نے وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان کے ہمراہ ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا اور محرم الحرام کے حوالے سے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا۔
وائس چیئرمین جناح ٹاؤن حامد نواز خان کا مزید کہنا تھا کہ محرم الحرام کا چاند متوقع تاریخ پر نظر نہ آنے کے باعث انتظامیہ کو ایک اضافی دن میسر آیا ہے، جس سے سڑکوں، اسٹریٹ لائٹس اور صفائی ستھرائی سے متعلق جاری کاموں کو مزید مؤثر انداز میں مکمل کرنے میں مدد مل رہی ہے۔ جناح ٹاؤن انتظامیہ اس عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے کہ محرم الحرام کے دوران عزاداران اور شہریوں کو ہر ممکن سہولت، صاف ستھرا ماحول، بہتر روشنیاں اور محفوظ آمدورفت فراہم کی جا سکے۔
