چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی زیر صدارت بجٹ کے حوالے سے اجلاس
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیر صدارت ایک اہم اور تفصیلی اجلاس منعقد ہوا۔
یہ اجلاس کورنگی ٹاؤن کی تعمیر و ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور بلدیاتی خدمات کو مزید مؤثر اور جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مالی سال 2027-2026 کے بجٹ کی تیاری کے سلسلے میں منعقد ہوا، جس میں مختلف شعبہ جات کے ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس کا بنیادی مقصد آئندہ مالی سال کے لیے ایسا متوازن، شفاف اور عوام دوست بجٹ مرتب کرنا تھا جو کورنگی ٹاؤن کے شہریوں کی ضروریات اور ترقیاتی تقاضوں سے ہم آہنگ ہو۔اس موقع پر تمام محکموں کے سربراہان نے اپنے اپنے شعبوں کی کارکردگی، درپیش مسائل، آئندہ سال کے ترقیاتی منصوبوں، جاری اسکیموں اور مالی ضروریات پر تفصیلی بریفنگ دی۔
چیئرمین ٹی ایم سی کورنگی محمد نعیم شیخ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ سازی کا عمل محض مالی تخمینوں تک محدود نہیں بلکہ یہ عوام کی توقعات، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور مستقبل کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ بجٹ کی تیاری میں شفافیت، میرٹ اور عوامی مفاد کو اولین ترجیح دی جائے تاکہ دستیاب وسائل کا بہترین استعمال ممکن بنایا جا سکے۔۔انہوں نے مزید کہا کہ صفائی ستھرائی، نکاسی آب، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس، پارکس کی بحالی، شجرکاری، عوامی شکایات کے بروقت ازالے اور بلدیاتی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی جائے۔ ساتھ ہی ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے قابل عمل تجاویز بجٹ کا حصہ بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ تمام محکمے اپنی مالی ضروریات اور مجوزہ منصوبوں کی تفصیلات مقررہ مدت کے اندر جمع کرائیں تاکہ بجٹ دستاویز کو بروقت حتمی شکل دی جا سکے۔ شرکاء نے اس بات پر اتفاق کیا کہ محدود وسائل کے باوجود ترجیحات کا تعین کرتے ہوئے ایسے منصوبوں کو فوقیت دی جائے گی جن سے براہ راست عوام کو ریلیف ملے اور شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے۔
چیئرمین محمد نعیم شیخ نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ محکموں کے درمیان بہتر رابطہ اور باہمی تعاون کو فروغ دیں تاکہ ترقیاتی اور انتظامی امور میں تیزی لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کو ایک صاف، منظم اور جدید شہری انتظامی ماڈل بنانا ان کی اولین ترجیح ہے اور بجٹ 2027-2026 اسی وژن کی عملی تعبیر ثابت ہوگا۔اجلاس کے اختتام پر تمام محکمہ جاتی سربراہان نے چیئرمین کی ہدایات پر مکمل عمل درآمد کی یقین دہانی کراتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کو عوامی امنگوں کے مطابق ترتیب دینے اور کورنگی ٹاؤن میں ترقیاتی و بلدیاتی خدمات کے معیار کو مزید بلند کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ شرکاء کا کہنا تھا کہ ایک جامع، متوازن اور حقیقت پسندانہ بجٹ ہی کورنگی ٹاؤن کی پائیدار ترقی اور شہریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
