نیو کراچی ٹاؤن میں برساتی پانی کی نکاسی کے منصوبے کا آغاز، پائپ لائن کی تنصیب کا افتتاح
ہمارے وسائل محدود ہیں لیکن خدمت کا جذبہ محدود نہیں۔چیئرمین محمد یوسف
کراچی: چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کالے اسکول سے ڈی کے موڑ 7 ہزار روڈ تک برساتی پانی کی نکاسی کے لیےRCC پائپ لائن کی تنصیب کے منصوبے کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ افتتاحی تقریب میں چیئرمین یونین کونسل نمبر 5 راجہ عطاء الرحمن، وائس چیئرمین،یوسی کونسلرزو یوسی ذمہ داران،XEN بی اینڈ آر ڈپارٹمنٹ جہانزیب خان، انچارج بی اینڈ آر فیصل صغیر، انچارج ریسکیو ڈپارٹمنٹ نعمان اور دیگر علاقائی ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں کے دوران مذکورہ مقام پر واقع نالہ اوور فلو ہو جاتا تھا جس کے باعث پانی مرکزی سڑک پر جمع ہو جاتا تھاسیکٹر 5-J اور سیکٹر 5-D کی متعدد گلیاں زیر آب آ جاتی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ نئیRCC پائپ لائن کی تنصیب سے بارش کے پانی کی نکاسی کا دیرینہ مسئلہ حل ہوگا اور پانی براہِ راست نالے تک منتقل ہو سکے گا، جس سے شہریوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی
محمد یوسف نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم ایسے ترقیاتی منصوبے مکمل کر رہے ہیں جو وقتی نہیں بلکہ دیرپا بنیادوں پر شہری مسائل کا حل فراہم کریں گے۔ اس منصوبے سے نہ صرف بارش کے دنوں میں پانی جمع ہونے کا مسئلہ ختم ہوگا بلکہ ہزاروں شہریوں کی روزمرہ زندگی بھی آسان ہو جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ اس پائپ لائن کی تنصیب کے بعد دو منٹ چورنگی سے D کے موڑ تک دونوں اطراف سڑکوں کی تعمیر کی جائے گی جس کے لیے بنیادی کام مکمل کر لیا گیا ہے۔ مزید برآں صبا چورنگی سے پاور ہاؤس چورنگی تک دونوں اطراف سڑکوں کی تعمیر بھی منصوبے کا حصہ ہے، جس میں ایک جانب تعمیراتی کام کا آغاز ہو چکا ہے۔ اسی طرح الحمید اسکول سے دو منٹ چورنگی تک دونوں اطراف سڑکوں کی ازسرنو تعمیر بھی کی جائے گی۔
چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے کہا کہ ہم سڑکوں کی تعمیر سے پہلے پانی اور سیوریج کے مسائل کو حل کر رہے ہیں تاکہ ترقیاتی منصوبے مضبوط بنیادوں پر استوار ہوں اور عوام کو طویل عرصے تک ان کے ثمرات حاصل ہوں۔ ہماری کوشش ہے کہ نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں بار بار ٹوٹ پھوٹ کا شکار نہ ہوں اور عوامی سرمایہ محفوظ رہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پانی اور سیوریج کے مسائل کا حل بنیادی طور پر واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی ذمہ داری ہے تاہم عوامی مفاد اور ترقیاتی منصوبوں کے تحفظ کے لیے نیو کراچی ٹاؤن اپنی محدود مالی اور انتظامی استعداد کے باوجود ان شعبوں میں بھی عملی اقدامات کر رہا ہے۔
محمد یوسف نے کہا کہ ہمارے وسائل محدود ہیں لیکن خدمت کا جذبہ محدود نہیں۔ ہم اختیارات سے بڑھ کر عوامی مسائل کے حل کے لیے کام کر رہے ہیں۔ نیو کراچی کے ہر علاقے میں ترقیاتی سرگرمیوں کا سلسلہ جاری ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ شہریوں کو بہتر سڑکیں، بہتر نکاسی آب اور بہتر شہری سہولیات میسر آئیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں تعمیر و ترقی کا سفر بلا تعطل جاری رہے گا اور عوامی فلاح کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا۔
