ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے محرم الحرام کے انتظامات کے لئے اہم اجلاس کا انعقاد
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے محرم الحرام کے انتظامات کے لئے اہم اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔اس موقع پر وائس چیئر مین محمد نعمان صدیقی، یوسی چیئرمینز،وائس چیئر مینز،اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد رابعہ سید،میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو، امام بارگاہوں کے منتظمین،اسیسٹنٹ ڈائر یکٹر سند ھ سولڈ ویسٹ، ڈائر یکٹرسینی ٹیشن ظہیر احمد، ودیگر بلدیاتی افسران اور تمام مکاتب فکر کے علماء کرام نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
چیئرمین ناظم آباد ٹاؤن سید محمد مظفرنے محرم الحرام کے انتظامات کے سلسلے میں مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسینؓ کو درپیش مسائل، سہولیات اور انتظامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر امام بارگاہوں کے منتظمین نے اپنے علاقوں کے مسائل اور ضروریات سے چیئرمین سید محمد مظفر کو آگاہ کیا، جنہیں بغور سنا گیا اور فوری حل کے لیے متعلقہ افسران کو خصوصی ہدایات جاری کی گئیں۔
چیئرمین سید محمد مظفرنے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ محرم الحرام کے دوران زائرین و عزادارانِ حسینؓ کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے بھرپور اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں صفائی ستھرائی، روشنی، جراثیم کش اقدامات اور دیگر بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کو اولین ترجیح دی جائے گی تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
وائس چیئر مین محمد نعمان صدیقی نے کہا محرم الحرام کے احترام اور عزاداران کی سہولت کے پیش نظر تمام بلدیاتی اور انتظامی اقدامات کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔ متعلقہ افسران یقینی بنائیں کہ امام بارگاہوں، مساجد، مجالس اور جلوس کے راستوں پر خصوصی صفائی کے انتظامات کیے جائیں، بروقت کچرا اٹھایا جائے، جراثیم کش اسپرے کا باقاعدگی سے عمل مکمل کیا جائے اور روشنی کے انتظامات میں کسی قسم کی کمی نہ رہنے دی جائے۔
اسسٹنٹ کمشنر ناظم آباد رابعہ سید نے کہا ضلع انتظامیہ محرم الحرام کے دوران امن و امان، انتظامی امور اور بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔ امام بارگاہوں کے منتظمین اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مسلسل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ کسی بھی شکایت یا مسئلے کو فوری طور پر حل کیا جاسکے۔
میونسپل کمشنر عزیز الرحمن تنیو نے کہاٹاؤن میونسپل کارپوریشن ناظم آباد کی جانب سے محرم الحرام کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے۔ صفائی ستھرائی، سیوریج، اسٹریٹ لائٹس، کچرے کی بروقت منتقلی اور جراثیم کش اسپرے کے حوالے سے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا رہی ہیں تاکہ عزاداران کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر امام بارگاہوں کے منتظمین نے عیدالاضحیٰ کے دوران آلائشوں کی بروقت منتقلی، صفائی ستھرائی کے مؤثر انتظامات اور بلدیاتی خدمات پر چیئر مین سید محمد مظفر اور ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ منتظمین نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود جس انداز سے صفائی کا عمل مکمل کیا گیا وہ قابلِ تحسین ہے اور ٹاؤن انتظامیہ کی کاوشیں عوامی خدمت کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں۔چیئر مین سید محمد مظفر نے یقین دہانی کرائی کہ محرم الحرام کے دوران تمام امام بارگاہوں، مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطہ رکھا جائے گا اور درپیش مسائل کے فوری حل کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ عزادارانِ حسینؓ اپنے مذہبی فرائض پرامن ماحول میں انجام دے سکیں۔
