گلبرگ ٹاؤن میں ایک اور عوام دوست منصوبہ مکمل، بلاک 9 میں چلڈرن پارک کا افتتاح
کراچی: گلبرگ ٹاؤن انتظامیہ کی جانب سے عوام دوست ترقیاتی منصوبوں کا سلسلہ تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔ یوسی 5 بلاک 9 میں تزئین و آرائش کے بعد چلڈرن پارک کا افتتاح امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج اور چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے مشترکہ طور پر کیا۔
اس موقع پر ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف،یو سی چیئرمین عارف منیر ،وائس چیئرمین عرفان شاہ، منتخب بلدیاتی نمائندے، علاقہ مکین اور ٹاؤن انتظامیہ کے افسران بھی موجود تھے۔ افتتاح کے بعد مہمانوں نے پارک کا دورہ کیا اور وہاں فراہم کی گئی سہولیات کا جائزہ لیا یہاں اوپن ایئر جیم بچوں کے لیے فزیکل اپلائنز اور جوگنگ ٹریک بھی تعمیر کیا گیا ہے۔
اس موقع پر چیئرمین گلبرگ ٹاؤن نصرت اللہ نے کہا کہ گلبرگ ٹاؤن میں عوام کو صحت مند اور تفریحی سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔ پارکوں کی تعمیر و بحالی سے نہ صرف بچوں کو کھیلنے کے بہتر مواقع میسر آئیں گے بلکہ اہلِ علاقہ کے لیے بھی ایک خوشگوار اور صحت مند ماحول فراہم ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر ڈائریکٹر باغات ندیم حنیف اور ان کی ٹیم کی تعریف نہ کرنا زیادتی ہوگی جن کی انتحق محنت سے ٹاؤن بھر میں ترقیاتی منصوبوں، پارکوں کی بحالی اور عوامی سہولیات کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے۔
امیر جماعت اسلامی ضلع گلبرگ وسطی کامران سراج نے کہا کہ منتخب بلدیاتی قیادت محدود وسائل کے باوجود عوامی خدمت کے مشن پر گامزن ہے۔ پارکوں اور کھیل کے میدانوں کی بحالی سے نوجوانوں اور بچوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جماعت اسلامی کے منتخب نمائندوں کی جانب سے عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کا یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رکھا جائے گا۔
