چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی زیر صدارت کونسل کا اجلاس،محرم الحرام کے انتظامات مثالی بنانے کا فیصلہ

چیئرمین کورنگی ٹاؤن کی زیر صدارت کونسل کا اجلاس،محرم الحرام کے انتظامات مثالی بنانے کا فیصلہ

چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی محمد نعیم شیخ کی زیرِ صدارت محرم الحرام کے دوران بلدیاتی سہولیات، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی اداروں سے رابطہ کاری اور مجالس و جلوسوں کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اور تفصیلی اجلاس کونسل ہال میں منعقد کیا گیا، جس میں پارلیامانی لیڈر تنویر عباسی، اراکینِ کونسل، یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز، پی ایس کے صدور، پیس کمیٹی کے اسد زیدی، علامہ اشرف علی، ممبر متحدہ وحدت مسلمین، ممبر جعفريہ الائنس سمیت کورنگی کے مختلف امام بارگاہوں کے منتظمین، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن كورنگی کے ڈائریکٹرز، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے افسران، واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کا عملہ، میڈیا نمائندگان اور متعلقہ شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران عزادارانِ حسینؓ کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، جلوسوں اور مجالس کے راستوں کی صفائی، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی، نکاسیٔ آب کے انتظامات، کچرے کی بروقت منتقلی، جراثیم کش اسپرے، پانی کی فراہمی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے اقدامات اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین کورنگی محمد نعیم شیخ نے کہا کہ محرم الحرام اسلامی تاریخ کا انتہائی اہم اور مقدس مہینہ ہے اور اس دوران منعقد ہونے والی مجالس اور جلوسوں کے شرکاء کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے تمام متعلقہ افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے آغاز سے قبل تمام امام بارگاہوں، مجالس گاہوں اور جلوسوں کے روٹس کا تفصیلی سروے مکمل کیا جائے اور جہاں کہیں بھی صفائی، روشنی، سڑکوں کی مرمت یا نکاسیٔ آب سے متعلق مسائل موجود ہوں انہیں فوری بنیادوں پر حل کیا جائے۔

چیئرمین محمد نعیم شیخ نے ہدایت دی کہ جلوسوں کے مرکزی اور ذیلی راستوں پر خصوصی صفائی مہم چلائی جائے، اضافی عملہ تعینات کیا جائے اور محرم الحرام کے دوران 24 گھنٹے نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ محرم کے ایام میں صفائی ستھرائی کے معیار کو مزید بہتر بنایا جائے اور کچرے کی بروقت منتقلی کو یقینی بنایا جائے تاکہ عزاداران کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ جلوسوں کے راستوں پر موجود اسٹریٹ لائٹس کو مکمل طور پر فعال بنایا جائے اور خراب لائٹس کی فوری مرمت کی جائے۔ اس کے علاوہ برساتی پانی یا سیوریج کے مسائل سے بچاؤ کے لیے پیشگی اقدامات کرنے اور حساس مقامات پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایات بھی جاری کی گئیں۔چیئرمین کورنگی نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ محرم الحرام کے دوران قائم کیے جانے والے سبیلوں اور عزاداروں کے اجتماعات کے مقامات کے اطراف صفائی اور جراثیم کش اسپرے کے انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت تمام افسران اور عملہ اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کرے اور محرم الحرام کے دوران فیلڈ میں اپنی موجودگی کو یقینی بنائے۔ اجلاس میں موجود یوسی چیئرمینز، وائس چیئرمینز نے مختلف یونین کمیٹیوں میں جاری تیاریوں سے متعلق بریفنگ دی اور محرم الحرام کے دوران درپیش ممکنہ مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کیں۔ اراکینِ کونسل نے بھی اپنے اپنے علاقوں کے حوالے سے مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے عوامی سہولیات کو مزید بہتر بنانے کے لیے سفارشات پیش کیں جنہیں چیئرمین کورنگی نے غور سے سنا اور متعلقہ افسران کو فوری عملدرآمد کی ہدایات جاری کیں۔ اجلاس کے اختتام پر چیئرمین کورنگی محمد نعیم شیخ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی محرم الحرام کے دوران عزادارانِ امام حسینؓ کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، روشنی اور دیگر ضروری انتظامات کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام میں عوامی خدمت، انتظامی ہم آہنگی اور بروقت اقدامات کے ذریعے ایک پرامن، منظم اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ٹاؤن انتظامیہ کی مشترکہ ذمہ داری ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ شعبہ جات کو الرٹ رہنے اور اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دینے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں