بری خبر یہ ہے کہ ہم کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے:نائب امریکی صدر واپس روانہ
نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے واضح کیا کہ ایران نے امریکی شرائط قبول کرنے سے انکار کردیا جس کی وجہ سے ایران کے ساتھ کسی حتمی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے۔
نائب امریکی صدر نے ایران سے مذاکرات کے بعد اسلام آباد میں پریس بریفنگ کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا
نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان اور فیلڈ مارشل نے حیرت انگیز کام کیا، دونوں نے امریکا ایران اختلافات دور کرنے کی کوشش کی۔
جے ڈی وینس نے کہا مذاکرات میں جو کمی رہ گئی وہ پاکستانیوں کی وجہ سےنہیں تھی، پاکستان نےہمارے اور ایران کے درمیان فاصلے کم کرنے میں بہترین کام کیا، پاکستان نےکسی معاہدے تک پہنچنے میں مدد کرنے کی بھرپورکوشش کی۔ایران کے ساتھ 21 گھنٹے سے مذاکرات جاری رہے جس میں مختلف امور پر بات چیت کی گئی، مذاکرات میں نیک نیتی کے ساتھ شرکت کرکے اپنی شرائط پیش کی۔
امریکی نائب صدر جےڈی وینس نےکہا اچھی خبر یہ ہے کہ ہماری ایران کے ساتھ سنجیدہ گفتگو ہوئی، بری خبر یہ ہے کہ ہم کسی معاہدے تک نہیں پہنچ سکے، میرا خیال ہےیہ خبر ایران کےلیے امریکاکے مقابلے میں کہیں زیادہ بری ہے۔ایران نے امریکی شرائط تسلیم نہ کرنے کا انتخاب کیا، کسی ڈیل کے بغیر ہم واپس امریکا جا رہے ہیں، ہم یہاں ایک سادہ تجویز اور باہمی سمجھ بوجھ کے طریقہ کار کے ساتھ آئے تھے، ہم ایک حتمی اور بہترین آفر پیش کرنےکے بعد روانہ ہو رہے ہیں، یہی ہماری آخری اور بہترین پیشکش ہے، دیکھتے ہیں ایرانی اسےقبول کرتے ہیں یا نہیں۔
جےڈی وینس نےکہا کہ ایرانی وفد سےجوہری ہتھیاروں سےمتعلق کوئی واضح عزم نہیں سنا، ہمیں واضح یقین دہانی درکار ہےکہ ایران جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی کوشش نہیں کرے گا، امریکی صدرکا بنیادی مقصد بھی یہی ہے کہ ایران جوہری ہتھیار نہ بنائے۔ہم نے اپنی ریڈ لائنز اور جن چیزوں کو موزوں بنا سکتے ہیں وہ بتادی ہیں، ایرانیوں کو وہ چیزیں بھی بتائیں جو ہم ایڈجسٹ نہیں کرسکتے۔
