چیئرمین گڈاپ ٹاؤن کی آفس میں مختلف محکمہ جاتی افسران سے ملاقات، بارشوں کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے گڈاپ ٹاؤن آفس میں مختلف محکمہ جاتی افسران سے اہم ملاقات کی، جس میں ٹاؤن کے جاری ترقیاتی منصوبوں، صفائی ستھرائی، نکاسی آب اور دیگر بلدیاتی امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ملاقات کے دوران دیگر اہم امور کے ساتھ ساتھ شہر میں پھر سے متوقع بارشوں کے پیشِ نظر پیشگی انتظامات پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیئرمین نے متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ برساتی پانی کی نکاسی کے نظام کو مؤثر بنانے کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور نشیبی علاقوں میں خصوصی نگرانی رکھی جائے۔
اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ انجینئر (ایم اینڈ ای) نور علی جمالی اور(اے ای ای) وسیم آرائیں نے چیئرمین کو دستیاب مشینری، ڈی واٹرنگ پمپس اور دیگر وسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور بتایا کہ تمام مشینری کو فعال کر دیا گیا ہے۔ڈائریکٹر سینٹیشن اشرف بلوچ نے صفائی ستھرائی کے انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مختلف علاقوں میں کچرا اٹھانے کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے، نالوں اور گٹروں کی صفائی جاری ہے جبکہ اضافی عملہ بھی تعینات کر دیا گیا ہے تاکہ بارش کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
چیئرمین طارق عزیز بلوچ نے ہدایت دی کہ صفائی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی شکایات کا فوری ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ہر ممکن ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر افسر مالیات افتخار حسین دایو، ڈائریکٹر پراپرٹی سہیل یار خان،ایکسین فرمان علی لاشاری، ڈائریکٹر انفارمیشن رضوان صابر، ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ ہدایت اللہ شیخ، ڈائریکٹر اسپورٹس طاہر بلوچ، اسسٹنٹ انجینئر ظفر بلوچ، ارشد بلوچ، ڈپٹی ڈائر یکٹر اینٹی انکروچمنٹ عاطف بدر، ا سسٹنٹ انفارمیشن شاہ محمد شاہ پی ایس چیئرمین لعل جان نبی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔
