منگھوپیر چیئرمین کی ہدایات پرممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر رین ایمرجنسی نافذ، مختلف یوسیز میں نالوں کی صفائی کا عمل جاری
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی خصوصی ہدایات اور براہِ راست نگرانی میں حالیہ ممکنہ بارشوں کے پیشِ نظر رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے یوسی 6، یوسی 4 سمیت دیگر مختلف یوسیز میں برساتی نالوں کی ہنگامی بنیادوں پر صفائی کا عمل نہایت تیزی اور مؤثر انداز میں جاری ہے۔ ٹاؤن انتظامیہ کے متعلقہ افسران، فیلڈ اسٹاف اور بھاری مشینری مکمل طور پر متحرک ہیں اور مختلف علاقوں میں مسلسل کام جاری رکھتے ہوئے نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر سے بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی بھی ممکنہ پریشانی اور دشواری سے محفوظ رکھا جا سکے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے اس حوالے سے سخت اور واضح ہدایات جاری کرتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ تمام بڑے، اہم اور مرکزی نالوں کی مکمل اور بروقت صفائی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ جہاں معمول کی مشینری سے کام ممکن نہ ہو، وہاں کرینوں اور دیگر بھاری آلات کے ذریعے گہرائی تک صفائی کا عمل مکمل کیا جائے تاکہ بارش کے دوران پانی کی روانی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور برساتی پانی کی نکاسی بلا تعطل جاری رہ سکے۔ مزید برآں انہوں نے متعلقہ عملے کو خبردار کیا کہ رین ایمرجنسی کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت، سستی یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی اور کارکردگی کو ہر سطح پر یقینی بنایا جائے گا۔
اس موقع پر وائس چیئرمین رانا محمد عارف، یوسی 8 کے چیئرمین قادر بروہی اور سب انجینئر جنید صدیقی بھی مختلف مقامات پر فیلڈ میں موجود رہے اور جاری صفائی کے کاموں کا تفصیلی معائنہ کیا۔ اس دوران متعلقہ افسران کی جانب سے چیئرمین کو جاری آپریشن، استعمال ہونے والی مشینری، عملے کی تعیناتی اور نکاسیٔ آب کے مجموعی انتظامات کے حوالے سے جامع بریفنگ دی گئی۔
ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کی انتظامیہ نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ بارشوں کے دوران شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ مزید یہ کہ منگھوپیر ٹاؤن کو ہر ممکن ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار رکھا جا رہا ہے اور عوامی سہولت کو یقینی بنانے کے لیے ہر سطح پر مؤثر اور بروقت اقدامات جاری رہیں گے۔
