نیو کراچی ٹاؤن میں عیدالفطر کے حوالے سے صفائی و سہولیات کے لیے ہنگامی حکمت عملی تیار
کراچی: نیوکراچی ٹاؤن میں عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کرنے اور مساجد،امام بارگاہوںا ور عیدگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے لیے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف، میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر، وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر، ڈپٹی ڈائریکٹر سالڈ ویسٹ عادل ہاشمی ، ایکسین سیوریج بورڈ ماجد بخاری، ایکسین واٹر بورڈ نواز احمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر سینی ٹیشن مشتاق خان، ڈپٹی ڈائریکٹر خالد شیخ، ریحان قریشی، ڈائریکٹر ایم ای ڈی شفقت حسین، اسٹاف افسر محمد علی اور پبلک ریلیشن آفیسر عقیل اختر سمیت دیگر افسران موجود تھے۔
اجلاس میں عیدالفطر کے موقع پر صفائی ستھرائی، روشنی کے انتظامات، سیوریج اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کے حوالے سے جامع حکمت عملی ترتیب دی گئی۔ اس بات پر زور دیا گیا کہ مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف خصوصی صفائی مہم چلائی جائے تاکہ نمازیوں کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ عیدالفطر جیسے مذہبی تہوار پر عوام کو صاف ستھرا اور سہولتوں سے آراستہ ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ تمام محکمے باہمی تعاون اور مؤثر رابطے کے ساتھ کام کریں اور کسی بھی شکایت کا فوری ازالہ یقینی بنائیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ نیو کراچی کے شہری عید کی خوشیوں کو بغیر کسی پریشانی کے منائیں، یہی ہماری کارکردگی کا اصل معیار ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوامی خدمت کے جذبے کے تحت فیلڈ میں متحرک رہے گی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت دی کہ مساجد اور عیدگاہوں کے اطراف صفائی ستھرائی اور روشنی کے انتظامات جمعرات تک مکمل کر لیے جائیں، جبکہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ جمعرات اور جمعہ تک صفائی کا عمل ہر صورت مکمل کرے۔ ہماری کوشش ہے کہ شہریوں کو نماز عید کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ یا تکلیف کا سامنا نہ ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام افسران فیلڈ میں موجود رہیں اور عید کے دنوں میں ہنگامی بنیادوں پر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنائیں۔
اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کو عیدالفطر کے موقع پر صاف، منظم اور شہری سہولیات سے بھرپور بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، تاکہ عوام ایک خوشگوار اور باوقار ماحول میں عید کی خوشیاں منا سکیں۔
میٹنگ کے اختتام پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے نئے تعینات ہونے والے میونسپل کمشنر عبدالجبار مہر کو خوش آمدید کہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
اس موقع پر انہوں نے تمام افسران سے ان کا تعارف بھی کروایا۔ بعد ازاں چیئرمین نے روایتی مہمان نوازی کے طور پر اجرک کا تحفہ اور پھولوں کا خوبصورت گلدستہ پیش کیا۔
