چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن کی خصوصی ہدایات پر عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم اجلاس
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی خصوصی ہدایات پر عیدالفطر کے موقع پر شہریوں کو بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی اور ممکنہ بارش کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس میونسپل کمشنر آغا خلیق کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ، ایم اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران اور عملے نے شرکت کی۔ اس موقع پر عیدالفطر کے ایام میں صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی بہتری اور دیگر بلدیاتی امور کو مؤثر اور منظم بنانے کے حوالے سے تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔
اجلاس میں اس بات پر خصوصی توجہ دی گئی کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے عیدالفطر کے دنوں میں ممکنہ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جس کے پیش نظر منگھوپیر ٹاؤن میں نکاسیٔ آب کے نظام کو بہتر اور فعال بنانا نہایت ضروری ہے۔
میونسپل کمشنر آغا خلیق نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن کے تمام علاقوں میں نالوں، نالیوں اور گٹروں کی فوری اور مکمل صفائی کو یقینی بنایا جائے تاکہ بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو اور شہریوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید ہدایت دی کہ جہاں کہیں بھی کچرا، مٹی یا ملبہ جمع ہے اسے فوری طور پر ہٹا کر علاقے کو صاف ستھرا بنایا جائے۔
میٹنگ کے دوران سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ عیدالفطر سے قبل خصوصی صفائی مہم کا آغاز کیا جائے اور عید کے دنوں میں بھی صفائی کے عمل کو بلا تعطل جاری رکھا جائے تاکہ ٹاؤن کے تمام علاقے صاف ستھرے اور خوشگوار ماحول کا منظر پیش کریں۔ اس کے ساتھ ساتھ عملے کی اضافی ڈیوٹیاں بھی مقرر کرنے کی ہدایت دی گئی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اقدامات کیے جا سکیں۔
اسی طرح ایم اینڈ ڈی ڈیپارٹمنٹ کو بھی پابند کیا گیا کہ ٹاؤن کی مرکزی شاہراہوں، اہم سڑکوں اور گلیوں کو صاف ستھرا رکھا جائے اور جہاں ضرورت ہو وہاں اسٹریٹ لائٹس کی فوری مرمت اور تنصیب کو یقینی بنایا جائے تاکہ عید کے موقع پر شہریوں کو روشنی اور صفائی سے بھرپور ماحول میسر آ سکے۔ مزید برآں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ تمام افسران اپنے اپنے علاقوں میں فیلڈ وزٹ کو یقینی بنائیں اور جاری صفائی و ترقیاتی کاموں کی خود نگرانی کریں۔
میونسپل کمشنر آغا خلیق نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹاؤن چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی واضح ہدایات ہیں کہ منگھوپیر ٹاؤن کے عوام کو عیدالفطر کے موقع پر بہترین بلدیاتی سہولیات فراہم کی جائیں اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تمام محکمے باہمی تعاون اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ شہریوں کو عید کے پرمسرت موقع پر صاف، محفوظ اور بہتر ماحول فراہم کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی عوام کی سہولت اور بہتری کو اولین ترجیح دی جائے گی اور عیدالفطر کے موقع پر صفائی، نکاسیٔ آب اور روشنی سمیت تمام بلدیاتی انتظامات کو مکمل طور پر فعال رکھا جائے گا تاکہ شہری عید کی خوشیاں کسی پریشانی کے بغیر منا سکیں۔ ساتھ ہی ممکنہ بارش یا کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات اور انتظامات کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
