اقوامِ متحدہ کے ادارے UN-Habitat کا اعلیٰ سطحی وفد دورے پر منگھوپیر پہنچ گیا، ٹاؤن چیئرمین سے ملاقات
کراچی: منگھوپیر ٹاؤن میں ترقیاتی سفر کو ایک اور اہم سنگِ میل حاصل ہوگیا جب اقوامِ متحدہ کے ادارے UN-Habitat کا اعلیٰ سطحی وفد اسلام آباد سے خصوصی دورے پر منگھوپیر پہنچا اور چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی سے تفصیلی ملاقات کی۔ ان کے ہمراہ میونسپل کمشنر احمد یار، بھی تھے یہ دورہ نہ صرف ٹاؤن کی کارکردگی کا اعتراف تھا بلکہ بین الاقوامی سطح پر اعتماد کا اظہار بھی ثابت ہوا۔
ملاقات کے دوران خیرآباد میں سیوریج کے دیرینہ مسئلے اور اس کے مستقل حل پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلے میں جامع منصوبہ بندی کے تحت عملی اقدامات جاری ہیں۔ وفد نے خیرآباد کے لیے سیوریج اسکیم فراہم کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جس سے علاقہ مکینوں کو درپیش مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی۔
اسی طرح پختون آباد کے لیے ایک بڑے فلاحی منصوبے — کمیونٹی ہال یا اسکول — میں سے کسی ایک کی فراہمی کا بھی اعلان کیا گیا، تاکہ مقامی آبادی کو تعلیمی و سماجی سہولیات میسر آسکیں اور نوجوان نسل کو مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم ہوں۔
دورے کے دوران چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے وفد کو خیرآباد اور پختون آباد کے مختلف مقامات کا عملی دورہ کروایا، جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کرایا اور شفاف نگرانی کے نظام سے آگاہ کیا۔ وفد نے چیئرمین کی قیادت، عوامی خدمت کے جذبے، موقع پر موجود رہ کر نگرانی کرنے کی روایت اور ترقیاتی کاموں کے معیار کو بے حد سراہا۔ انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن میں جس سنجیدگی، رفتار اور دیانت داری کے ساتھ عوامی مسائل حل کیے جا رہے ہیں وہ قابلِ تقلید مثال ہے۔
دورے کے اختتام پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے مہمانوں کو سندھ کی ثقافتی پہچان اجرک کا تحفہ پیش کیا، جو روایتی مہمان نوازی اور بین الاقوامی تعاون کی خوبصورت علامت بن گیا۔ وفد نے اس گرمجوش استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے مستقبل میں بھی اشتراکِ عمل جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
یہ تاریخی دورہ منگھوپیر ٹاؤن کی ترقی، عالمی اداروں کے اعتماد اور عوامی خدمت کے عہد کی تجدید کا روشن مظہر ہے، جو ان شاء اللہ علاقے کی خوشحالی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں ایک سنگِ میل ثابت ہوگا۔
