چیئرمین گڈاپ کا پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے ہمراہ نئی سیوریج لائن کے ترقیاتی کام کا معائنہ
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے چیئرمین طارق عزیز بلوچ، پاکستان پیپلز پارٹی ضلع ملیر کے صدر و رکن صوبائی اسمبلی سندھ راجہ عبدالرزاق بلوچ اور میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے یوسی صالح محمد کے علاقے غریب آباد،گولا ٹاؤن میں کلک پروگرام کے تحت گڈاپ ٹاؤن میں جاری 1200 فٹ نئی سیوریج لائن کے ترقیاتی کام کا معائنہ کیا۔
دورے کے موقع پر افسران نے ترقیاتی کام کے معیار، رفتار اور تکنیکی پہلوؤں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر متعلقہ عملے کو ہدایات دی گئیں کہ منصوبہ مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
چیئرمین گڈاپ ٹاؤن طارق عزیز بلوچ نے کہا کہ گڈاپ ٹاؤن کے عوام کو بنیادی شہری سہولیات کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ نئی سیوریج لائن کی تنصیب سے علاقے کے دیرینہ مسائل حل ہوں گے اور نکاسی آب کا نظام بہتر ہو گا، جس سے عوام کو واضح ریلیف ملے گا۔
رکن صوبائی اسمبلی سندھ عبدالرزاق بلوچ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہے اور گڈاپ ٹاؤن میں جاری ترقیاتی منصوبے عوام سے کیے گئے وعدوں کی عملی تکمیل ہیں۔ صوبائی حکومت سندھ بھی گڈاپ ٹاؤن کی مجموعی ترقی کے لیے بھرپور تعاون جاری رکھے گی۔
میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے کہا کہ سیوریج لائن کے اس منصوبے کو مقررہ وقت اور تکنیکی معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے اور کام کی مسلسل نگرانی کی جا رہی ہے تاکہ عوام کو دیرپا، مؤثر اور معیاری سہولت فراہم کی جا سکے۔واضح رہے کہ یہ ترقیاتی اسکیم کلک (KLIK) پروگرام کے تحت مکمل کی جا رہی ہے، جس کا مقصد گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے۔
اس موقع پر ڈائر یکٹر انفارمیشن رضوان صابر،ڈائر یکٹر سینی ٹیشن اشرف بلوچ،فوکل پرسن سرفراز احمد کھتری،محمد شرجیل خان،پی ایس لعل جان نبی بھی موجود تھے،
