وزیراعلیٰ سندھ کی چنیسر گوٹھ آمد، پولیو مہم کا آغاز کردیا
کراچی: وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ گورنمینٹ گرلس اینڈ بوائیز، پرائمری، سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری اسکول چنیسر گوٹھ پہنچے جہاں ان کا استقبال کیا گیا۔
وزیراعلیٰ سندھ کی آمد پر وزیر محنت سعید غنی، وزیرتعلیم سردار شاہ ، ایڈیشنل آئی جی سندھ آزاد خان، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری اسکول ایجوکیشن زاہد عباسی، سیکریٹری صحت طاہر سانگی، کوآرڈینیٹر ای اوسی شہریار میمن نے استقبال کیا
تقریب میں ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کے نمائندہ، روٹری کے عزیز میمن سمیت دیگر بھی شریک تھے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے 5 سال سے کم عمر کے بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا آغاز کر دیا
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ آج سے نئی پولیو مہم شروع کی گئی ہے جو 8 فروری تک جاری رہے گی،پولیو سے پاک سندھ ہمارا عزم اور مشترکہ ذمہ داری ہے۔پولیو کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل ہوگا
وزیراعلیٰ سندھ سید مرادعلی شاہ نے کہا کہ پولیو کے خاتمے کے لیے ہر سطح پر بھرپور اقدامات کیے جا رہے ہیں،انسداد پولیو مہم کے دوران ایک کروڑ 5 لاکھ بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف طے کیا گیا ہے،پولیو کے خلاف جنگ میں والدین کا تعاون فیصلہ کن حیثیت رکھتا ہے۔
کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے، وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت
مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبہ بھر کے 89 لاکھ گھروں میں پانچ سال سے کم عمر بچوں تک پولیو ٹیمیں پہنچیں گی،سندھ کے 30 اضلاع کی 1490 یونین کونسلز میں پولیو ورکرز گھر گھر مہم چلائیں گے۔
وزیراعلیٰ سندھ کا انظامیہ کو حکم دیا کہ یونین کونسل سطح پر مہم کی کڑی نگرانی کی جائے،انسداد پولیو مہم میں 80 ہزار سے زائد ورکرز اپنی خدمات انجام دیں گے۔پولیو ٹیموں سے تعاون نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔پولیو ٹیموں کی سکیورٹی یقینی بنانے کے لیے 21 ہزار پولیس اور رینجرز اہلکار تعینات کیے ہیں۔پولیو ورکرز ہمارے ہیروز ہیں، ان کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔
