ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے میونسپل کمشنر کا بارشوں کے پیشِ نظر مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ
کراچی: ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ کے میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے ہلکی اورمتوقع تیز بارشوں کے پیشِ نظر گڈاپ ٹاؤن کے مختلف علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے موقع پر ان کے ہمراہ ڈائریکٹر سینیٹیشن اشرف بلوچ، ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن محمد افضل لغاری اور سینیٹیشن ڈیپارٹمنٹ کا دیگر عملہ بھی موجود تھا۔ دورے کے دوران، ڈرینج لائنوں، نشیبی علاقوں اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین ٹاؤن میونسپل کارپوریشن گڈاپ طارق عزیز بلوچ نے اپنے پیغام میں کہا کہ بارشوں کے پیشِ نظر گڈاپ ٹاؤن کے تمام متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔
نشیبی علاقوں میں خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ ڈرینج سسٹم کی مکمل صفائی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو کسی بھی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔
میونسپل کمشنر محمد نواز مہر نے دورے کے دوان کہا کہ سینیٹیشن اسٹاف، مشینری اور ایمرجنسی ٹیمیں ہمہ وقت تیار ہیں۔ بارش کے دوران پانی کی فوری نکاسی، شکایات کے بروقت ازالے اور فیلڈ میں عملے کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ٹاؤن انتظامیہ مکمل طور پر تیار ہے ۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارش کے دوران نالوں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور کسی بھی شکایت یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں گڈاپ ٹاؤن انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔
اس موقع پر سینیٹیشن انچارج شانی پرویز،علی پلیجو، اور دیگر اسٹاف بھی موجود تھا۔
