صنعتوں اور سی این جی سیکٹر کو 48 گھنٹے کی گیس فراہمی بند
کراچی: موسمِ سرما میں گیس کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیشِ نظر سوئی سدرن گیس کی انتظامیہ نے ایک بار پھر یہ فیصلہ کیا ہے کہ اپنے گھریلو اور کمرشل صارفین کو بہتر گیس پریشر فراہم کرنے کے لیے ادارہ اپنے صنعتی صارفین (بشمول کیپٹیو پاور پلانٹس) اور تمام سی این جی اسٹیشنز (بشمول آر ایل این جی پر چلنے والوں) کو 24 جنوری، بروز ہفتہ کو صبح 8 بجے سے اگلے 48 گھنٹوں کے لیے یعنی 26 جنوری، بروز پیر صبح 8 بجے تک گیس کی فراہمی منقطع رکھے گا.
اس دوران اگر کسی گھریلو صارف کو گیس پریشر کی کوئی شکایت درپیش ہو تو براۓ مہربانی وہ ہماری 24 گھنٹے آپریشنل ہیلپ لائن 1199 پر اپنی شکایت کا اندراج کراۓ. ہمارا مستعد عملہ ہر شکایت کا فوری طور پر ازالہ کرے گا.
یاد رہے کہ حسبِ معمول روزانہ کی بنیاد پر گھریلو اور کمرشل صارفین کو گیس لوڈ مینیجمنٹ کے تحت رات 10 بجے سے صبح 5 بجے تک گیس کی فراہمی منقطع رہے گی.
ادارے کی گزارش ہے کہ براہِ مہربانی اس خبر کو درست انداز میں مشتہر کیا جائے. ماضیِ قریب میں اسی اقدام کو بعض عناصر کی جانب سے سوشل میڈیا پر غلط انداز میں پیش کیا گیا جس سے ہمارے گھریلو صارفین کو ذہنی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا.
