کورنگی ٹاؤن کونسل کا 14 واں اجلاس،اہم قراردادوں اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

کورنگی ٹاؤن کونسل کا 14 واں اجلاس،اہم قراردادوں اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری

کراچی:چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیرِ صدارت کورنگی ٹاؤن کونسل کا 14 ویں اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹاؤن کی مجموعی ترقی، عوامی فلاح و بہبود اور انتظامی امور سے متعلق متعدد اہم قراردادوں اور ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں ٹاؤن وائس چیئرمین زرین اعوان، اراکینِ ٹاؤن کونسل، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، اپوزیشن لیڈر محمد ہارون، پارلیمانی لیڈر تنویر عباسی، ڈائریکٹر کونسل کورنگی محمد توحید چوہان، ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن رحمت اقبال، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کے افسران اور دیگر معزز اراکین نے شرکت کی۔

اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا گیا، جس کے بعد ایجنڈا اور روداد پیش کی گئی۔ کونسل نے تمام ایجنڈا نکات پر تفصیلی غور و خوض کے بعد انہیں متفقہ طور پر منظور کیا۔ اس موقع پر گزشتہ تیرہویں اجلاس کی روداد کی توثیق و منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں ترقیاتی و انتظامی امور کے تحت درج ذیل اہم اقدامات کی منظوری دی گئی

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی میں محتسبِ اعلیٰ اور دیگر قانونی معاملات و مقدمات کی مؤثر پیروی کے لیے پرائیویٹ وکیل کی ماہانہ کنٹریکٹ بنیاد پر خدمات میں ایک سال کی توسیع کی منظوری۔

کورنگی ڈھائی، یونین کونسل نمبر 7 میں واقع بے نظیر پارک میں بچوں کی تفریح کے لیے جھولے اور ٹِک شاپ لگانے کی منظوری۔یونین کونسل نمبر 5 میں واقع قیوم پارک میں بچوں کے لیے جمپنگ کیسل اور منی ٹوکن رائیڈز کی تنصیب کی منظوری۔

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی میں سول، آئینی، کرمنل، بینکنگ اور کارپوریٹ معاملات کی پیروی کے لیے لغاری اینڈ ایسوسی ایٹس کے ایڈووکیٹس کی خدمات ماہانہ کنٹریکٹ اور عارضی بنیادوں پر حاصل کرنے کی منظوری۔

ٹاؤن میونسپل کارپوریشن کورنگی وائی ایریا میں بے نظیر بھٹو شہید پارک کے عقب میں  نگینہ مسجد کے عین سامنے کورنگی 1 میں نادرا میگا سینٹر کے قیام کی منظوری، تاکہ عوام کو شناختی دستاویزات کے حصول میں سہولت فراہم کی جا سکے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی ترقی، صفائی ستھرائی اور عوامی سہولتوں کی فراہمی کے لیے کونسل کے تمام اراکین کا کردار قابلِ تحسین ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود کے تمام منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیے جائیں گے تاکہ علاقے کے عوام کو جدید اور بہتر سہولتیں میسر آ سکیں۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں