قائداعظم محمدعلی جناح کا یومِ پیدائش آپ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے ،وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائد کا یومِ پیدائش آپ کے رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہونے کیلئے تجدید عہد کا موقع فراہم کرتا ہے۔
وزیر اعظم آفس سے جاری بیان کے مطابق قائد اعظم محمد علی جناح کے 149 ویں یوم پیدائش کے موقع پر اپنے پیغام میں وزیراعظم نے کہا کہ ہم پوری قوم کے ساتھ ہم آواز ہو کر قائد اعظم محمد علی جناح کو دلی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر سال قائد اعظم کا یوم پیدائش پوری قوم کے لئے تجدید عہد کا موقع بھی فراہم کرتا ہے کہ ہم انفرادی اور بحیثیت مجموعی قومی سطح پر قائداعظم کے رہنما سیاسی اصولوں،ریاستی فلاح و بہبود اور دائمی معاشرتی اصلاح کی تعلیمات پر موثر انداز میں عمل پیرا ہوں۔
ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم نےبلا تفریق رنگ و نسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسے رہنمائ اصولوں کا درس دیا،ا?پ کے سنہری اصول ایمان، اتحاد، تنظیم نہ صرف درخشاں قومی مستقبل کی ضمانت بلکہ پاکستان کی آنے والی نسلوں کے لئے بھی مشعل راہ ہیں۔ قائداعظم محمد علی جناح وہ عظیم رہنما اور عالمی لیڈر ہیں جن کی سیاسی بصیرت اور بے لوث قیادت نے قیام پاکستان اور مسلمانان برصغیر کے سیاسی مستقبل میں فیصلہ کن کردار ادا کیا، قائداعظم محمد علی جناح دھرتی کے وہ ناقابل فراموش سپوت ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ کر مملکت خداداد کے قیام کو ممکن بنایا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قائد کے عزم و ہمت، پختہ ارادے اور پرخلوص جدوجہد نے بر صغیر کے لاکھوں مسلمانوں کیلئے نئی مملکت کے قیام کے خواب کو حقیقت میں بدل دیا۔ آپ نے خلوص نیت سے مسلمانوں کے لئے ایک آزاد، خود مختار ،فلاحی ریاست کے نیک عزم کے لئے بھرپور جدوجہد کی، آپ نے نہ صرف سیاسی مخالفین کا مقابلہ کیا بلکہ سامراجی قوتوں کو بھی شکست دی۔
وزیراعظم نے قوم کو دعوت دی کہ آئیے آج کے دن تجدید عہد کریں کہ قائداعظم کے نقش قدم پہ چلتے ہوئے قومی عزت و وقار، تحفظ اور ترقی و خوشحالی کے لئے مل کر خلوص نیت اور بے لوث لگن سے ہر شعبہ ہائے زندگی میں محنت کریں گے۔
مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد، حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے پوری انسانیت کیلئے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا:وزیراعظم شہبازشریف
اسلام آباد: وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے دنیا بھر بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو کرسمس کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام نے پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا اور نیکی، تقوی اور پاکیزہ طرز زندگی کی تلقین کی۔ وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کرسمس پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کرسمس کے پرمسرت اور بابرکت موقع میں عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے اس مبارک دن ہم دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔وزیر اعظم نے کہا کہ کرسمس نہ صرف مسیحی برادری کا جشن و تقریبات پر مشتمل مذہبی تہوار ہے بلکہ یہ پوری انسانیت کے لئے پیغام محبت ، امن و رواداری اور خیر سگالی کے جذبات سے ہمیں ایک دوسرے سے جوڑتا ہے۔ حضرت عیسی علیہ السلام اللہ تعالی کے ایک جلیل القدر پیغمبر کی حیثیت سے اسلام میں نہایت محترم مقام رکھتے ہیں،انہوں نے پوری انسانیت کے لیے امن، بھائی چارے اور محبت کا پیغام دیا اور لوگوں کو نیکی، تقوی اور پاکیزہ طرز زندگی کی تلقین کی۔ وزیر اعظم نے مسیحی برادری کے پاکستان میں فعال، مثبت اور پر امن برادری کی حیثیت سے قابل قدر کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک کی مجموعی سماجی و معاشی ترقی کے لئے ان کی مخلصانہ کاوشیں تحسین کے لائق ہیں
۔وزیر اعظم نے پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف جدوجہد میں پوری قوم کے شانہ بشانہ ان کی قربانیوں کو باعث فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ مسیحی برادری کی تعلیم، طب اور دیگر شعبہ ہائے زندگی میں بھی گراں قدر خدمات سماجی ہم آہنگی کے فروغ کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ تمام شہریوں کے لئے بلا تفریق رنگ و نسل باہمی ہم آہنگی، حقوق و آزادی کا تحفظ، معاشی آسودگی، پیشہ ورانہ ترقی کے یکساں مواقع حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔ انہوں نے دعوت دی کہ آئیے آج کے اس خوشیوں بھرے دن پر تجدید عہد کریں کہ سب طبقات اور مذاہب کے مکاتب فکر مل کر قوم کی اپنی آنے والی نسلوں کے لیے ایک مضبوط، محفوظ اور خوشحال پاکستان کے لیے تعمیری کرادر ادا کرتے رہیں گے۔
