چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن نے ریٹائرڈ ملازمین میں 61 لاکھ روپے سے زئد کے چیک تقسیم کردیے
نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین محمد یوسف نے مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح کے ہمراہ ریٹائرڈ ہونے والے 18 ملازمین میں مجموعی طور پر اکسٹھ لاکھ چھینانوے ہزار دو سو اڑتالیس روپے کے چیک تقسیم کیے۔
تقسیم کی جانے والی رقم لیو انکیشمنٹ کی مد میں ادا کی گئی۔
اس موقع پر تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن سندھ کے ان بڑے ٹاؤنز میں شامل ہے جہاں ملازمین کی تعداد سب سے زیادہ ہے، اسی وجہ سے یہاں مالی مسائل بھی نسبتاً نازک ہیں، تاہم اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اس نے ہمیں اس قابل بنایا کہ ہم ریٹائر ہونے والے ملازمین کے واجبات بروقت ادا کر سکیں۔
انہوں نے بتایا کہ ہر ماہ اوسطاً 15 سے 18 ملازمین ریٹائر ہوتے ہیں اور ٹاؤن انتظامیہ کی بھرپور کوشش ہوتی ہے کہ کسی بھی ملازم کو واجبات کے حصول کے لیے انتظار یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ جب وہ منتخب ہو کر آئے تو ملازمین کی حالت انتہائی خراب تھی، کئی ملازمین کو دو دو اور تین تین سال ریٹائر ہوئے گزر چکے تھے مگر واجبات کی ادائیگی ممکن نہیں ہو پا رہی تھی۔تنخواہیں بھی 20 سے 25 دن تاخیر سے ادا کی جاتی تھیں، لیکن ہم نے نیک نیتی کے ساتھ اس صورتحال کو بدلا اور آج یہ حالت ہے کہ نیو کراچی ٹاؤن میں ملازمین کی تنخواہوں اور پواجبات کی مد میں ایک روپیہ بھی بقایا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ سندھ حکومت ہر سال ملازمین کی تنخواہوں میں اضافہ کرتی ہے، لیکن بر وقت فنڈ میں اضافہ نہیں کیا جاتا، اس کے باوجود ٹاؤن انتظامیہ نے حکومتِ سندھ کی منظور شدہ پالیسی کے مطابق ملازمین کو مکمل تنخواہیں ادا کیں اور ساتھ ہی ترقیاتی کاموں میں بھی کوئی رکاوٹ نہیں آنے دی۔واٹر پارکس، پارکس کی تعمیر، سڑکوں کی بحالی، پیور بلاک کی تنصیب اور گلیوں کی تعمیر و ترقی کا عمل مسلسل جاری رکھا گیا۔
چیئرمین نے واضح کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن کا کوئی ملازم یہ نہیں کہہ سکتا کہ اس کا حق مار کر ترقیاتی کام کیے گئے ہوں۔انہوں نے کہا کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین خراجِ تحسین کے مستحق ہیں جنہوں نے اپنی زندگی کا قیمتی حصہ ٹاؤن کی خدمت میں گزارا۔ ریٹائرمنٹ کے بعد اگر کسی ملازم کو فائلیں اٹھا کر دفاتر کے چکر لگانا پڑیں تو یہ ملازم کی نہیں بلکہ ٹاؤن انتظامیہ کی تذلیل ہے، جسے ہم ہرگز برداشت نہیں کریں گے۔ ہم نے اپنے دور میں ملازمین کو عزت و احترام کے ساتھ ان کا حق ان کے حوالے کیا ہے اور آئندہ بھی یہی پالیسی برقرار رہے گی۔اس موقع پر مونسپل کمشنر نیو کراچی ٹاؤن منور حسین ملاح نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کی اور وائس چیئرمین شعیب بن ظہیر کی کوشش ہوتی ہے کہ جیسے ہی کوئی ملازم ریٹائرمنٹ کے قریب ہو، اس کی تمام کاغذی کارروائی بروقت مکمل کر لی جائے تاکہ واجبات کی ادائیگی میں کسی قسم کی تاخیر نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ کی اولین ترجیح یہ ہے کہ ریٹائر ہونے والے ملازمین کو کسی بھی قسم کی شکایت کا سامنا نہ کرنا پڑے اور وہ باعزت انداز میں اپنی رقوم حاصل کر سکیں۔
