تبلیغی اجتماع کے انتظامات متعلق اہم اجلاس، منگھوپیر ٹاؤن چیئرمین کی بریفنگ
کراچی: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن کی زیرِ صدارت تبلیغی اجتماع کے انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اور تفصیلی اجلاس میں شرکت کی یہ تبلیغی اجتماع 25 دسمبر سے شروع ہو رہا ہے، جس کے پیشِ نظر تمام متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کی گئیں تاکہ اجتماع کے دوران امن و امان کے ساتھ ساتھ شہری سہولیات کی مؤثر فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منگھوپیر ٹاؤن کی حدود میں واقع اجتماع گاہ اور اس کے اطراف صفائی ستھرائی، نکاسیٔ آب، سڑکوں کی مرمت، اسٹریٹ لائٹس کی بحالی اور پانی کی بلا تعطل فراہمی کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔
حاجی نواز علی بروہی نے واضح کیا کہ ٹاؤن انتظامیہ روزانہ کی بنیاد پر فیلڈ میں موجود ہے اور متعلقہ افسران و عملے کو سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ اجتماع سے قبل تمام بلدیاتی کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ بڑے اجتماع کے پیشِ نظر اضافی مشینری، عملہ، واٹر ٹینکرز، صفائی کا سامان اور نکاسیٔ آب کے خصوصی انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی یا غیر متوقع صورتحال میں فوری رسپانس یقینی بنایا جا سکے۔
چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن نے اجلاس میں اس امر کی بھی نشاندہی کی کہ بعض مقامات پر اضافی وسائل اور بین المحکماتی تعاون ناگزیر ہے، بالخصوص سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، واٹر بورڈ اور ٹریفک و سیکیورٹی کے معاملات میں مربوط حکمتِ عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اجتماع میں شریک افراد کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ ہو اور ساتھ ہی علاقے کے مکینوں کی روزمرہ زندگی بھی متاثر نہ ہونے پائے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون جہانگیر شاہ، ٹاؤن میونسپل کارپوریشن اورنگی کے چیئرمین جمیل ضیا، علمائے کرام، پولیس کے سینئر افسران، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ، کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ، اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی شریک تھے۔
ڈپٹی کمشنر ویسٹ ذوالفقار علی میمن نے چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی جانب سے پیش کی گئی بریفنگ، تجاویز اور نشاندہی کردہ ضروریات کو سراہتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مکمل تعاون اور تمام درکار وسائل کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے اختتام پر چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ تبلیغی اجتماع کے کامیاب، منظم اور پُرامن انعقاد کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے اور تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ قریبی رابطے اور باہمی تعاون سے ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
