سیکریٹری محنت اسداللہ ابڑو کی زیر صدارت سیسی ہیڈ آفس میں اجلاس، تفصیلی بریفنگ
کراچی: صوبائی سیکریٹری محنت اسد اللہ ابڑونے سندھ سوشل سیکورٹی ہیڈآفس کا دورہ کیا۔
سیکریٹری محنت نے سیسی کے حوالے سے تعارفی اجلاس کی صدارت کی۔ سیکریٹری محنت کو ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ میں بتایا گیا کہ سندھ سوشل سیکورٹی میں اس وقت 23 ہزار سے زائد صنعتی و تجارتی یونٹس کے تقریباً 8 لاکھ محنت کش رجسٹرڈ ہیں۔ سوشل سیکورٹی تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے لواحقین بشمول والدین کو علاج و معالجہ کی مکمل سہولت فراہم کررہا ہے۔ سیسی کے 5 اسپتال، 7 میڈیکل سینٹر اور 43 ڈسپنسریاں سندھ بھر کام کررہی ہیں۔
سیکرٹری محنت اسد اللہ ابڑو نے ادارے کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ میڈیکل کے شعبے کو مزید بہتر کیا جائے ،تحفظ یافتہ محنت کشوں کو کے وقار اور حقوق کا مکمل تحفظ کیاجائے۔ اس موقع پر کمشنر سیسی ہادی بخش کلہوڑو نے سوشل سیکورٹی اسکیم کے تحٹ تحفظ یافتہ محنت کشوں اور ان کے اہل خانہ کو ملنے والی طبی و مالی امداد سے تفصیلی آگاہ کیا۔
ساتھ ہی سیسی کے مستقبل کے منصوبوں سے سیکرٹری محنت کو آگاہی فراہم کی۔ اس موقع پر ادارے کے ڈائریکٹرکنٹری بیوشن اینڈ بینیفٹ ڈاکٹر غلام دستگیر اور ڈائریکٹر پبلک ریلیشنز وسیم جمال نے سیکریٹری لیبر کو ادارے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں کمشنر سیسی ہاد بخش کلہوڑو، وائس کمشنرسکندربلوچ، میڈیکل ایڈوائزر ڈاکٹرسعادت احمدمیمن، ڈائریکٹرایڈمن وکیل الدین کمال شاہ، ڈائریکٹرایڈمن میڈیکل ڈاکٹردانش علی کاظمی، ڈائریکٹرفنانس اسدعابدی، سی ایم او ہیلتھ ڈاکٹرحنا اعجاز ، لاء آفیسر رانا عزیز نےبھی شرکت کی۔ آخر میں سیکریٹری لیبر کو کمشنر سیسی نے سندھ کی روایتی اجرک کا تحفہ پیش کیا اور ادارے کی طرف سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔
