تبلیغی اجتماع کے لئے پہلے سے بھی بہتر انتظامات کیے جائینگے: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن
کراچی: چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کی زیرِ صدارت سالانہ تبلیغی اجتماع گاہ کے حوالے سے ایک نہایت اہم اور تفصیلی اجلاس آج منگھوپیر ٹاؤن میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اجتماع میں آنے والے لاکھوں شرکاء کے لیے سیکیورٹی، لائٹنگ، صفائی و ستھرائی، ٹریفک پلان، پارکنگ، پانی کی مسلسل فراہمی اور مجموعی انتظامات کا جامع جائزہ لیا گیا اور تمام متعلقہ محکموں کو ذمہ داریاں تفویض کی گئیں۔
اجلاس میں وائس چیئرمین منگھوپیر ٹاؤن رانا محمد عارف، میونسپل کمشنر منگھوپیر ٹاؤن احمد یار کریرو، اسسٹنٹ کمشنر اعجاز علی ہالیپوٹو ،ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر عابد حسین ستی، کے-الیکٹرک، واٹر بورڈ، کے ایم سی، سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ،ہیلتھ ڈیپارٹمنٹ ،پولیس، ٹریفک پولیس، رینجرز اور دیگر متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ منگھوپیر ٹاؤن کے افسران،قدیر احمد ڈائریکٹر ایچ ار ایم،سپریڈنٹ انجینیئر ذوالفقار علی جتوئی ، سلیم دربار ایکسیئن بی اینڈ ار ، ، فہد کاکےپھوٹو اے ڈبل ای ایم اینڈ ای، لیاقت صوبہ ڈپٹی ڈائریکٹر سینیٹیشن، حافظ محمد شعیب ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ، ساگر خان ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن ، غفار جتوئی ڈائریکٹر روڈ کٹنگ ، ثریہ عابد رحمانی ایم وی او ۔ایس یو جی۔ ،اے ڈبل ای افاق عالم اور سب انجینئر جنید صدیقی اور دیگر محکموں کے افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ تبلیغی جماعت کا سالانہ اجتماع ہمارے علاقے کی عزت اور سعادت ہے۔ میرا اس جماعت سے ذاتی روحانی تعلق بہت پرانا ہے؛ میں خود بھی کئی بار تبلیغی فریقیوں میں شامل رہا ہوں۔ اس لیے میرے لیے یہ اجتماع صرف ایک ایونٹ نہیں بلکہ ایمانی جذبے اور عقیدت کا معاملہ ہے۔ اس سال بھی لاکھوں فرزندانِ توحید یہاں جمع ہوں گے، لہٰذا ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے جائیں، لائٹنگ کا نظام بہترین ہو، پانی کی سپلائی بلا تعطل جاری رہے اور صفائی ایسی ہو کہ دور دراز سے آنے والے مہمانوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پچھلے سال جو لائٹنگ ہم نے لگائی تھی اس کی بہت تعریف ہوئی تھی۔ اس بار انشاءاللہ ہم اس سے بھی بہتر، روشن اور محفوظ انتظامات کریں گے۔ ہر محکمہ اپنے حصے کا کام دیانتداری اور فرض شناسی کے ساتھ انجام دے۔ اجتماع میں آنے والے بزرگ، نوجوان اور مہمان ہمارے لیے قابلِ احترام ہیں ان کی خدمت کرنا عبادت سمجھ کر کی جائے گی۔
چیئرمین نے اعلان کیا کہ انشاءاللہ اس سال میرا ارادہ ہے کہ میں اپنی ذاتی مدد سے ایک سروس کیمپ کا اہتمام کروں گا، جس میں پانی، کھانا، کمبل اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ دور دراز سے آنے والے بھائی بہنوں کو آسانی ہو۔ میں خود بھی اجتماع کے دوران باقاعدگی سے وزٹ کروں گا اور ہر انتظام کی براہِ راست نگرانی کروں گا۔
رینجرز اور پولیس حکام نے بھی مکمل سیکیورٹی پلان پر بریفنگ دی اور ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اجلاس کے بعد چیئرمین حاجی نواز علین بروہی نے افسران کے ہمراہ اجتماع گاہ کا تفصیلی وزٹ کیا۔ انہوں نے لائٹنگ پوائنٹس، پانی کی لائنیں، صفائی کے پوائنٹس، پارکنگ ایریاز، داخلہ و خروج کے راستے اور سیکیورٹی پوائنٹس کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
چیئرمین نے موقع پر موجود افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ یہ صرف سرکاری فرض نہیں بلکہ نیکی کا کام ہے۔ ہر کام بروقت، معیاری اور مکمل ذمہ داری کے ساتھ کیا جائے۔ اجتماع سے پہلے تمام انتظامات مکمل ہونے چاہئیں۔
آخر میں انہوں نے کہا کہ منگھوپیر ٹاؤن انتظامیہ ہر سال کی طرح اس سال بھی اجتماع میں آنے والے مہمانوں کو بہترین سہولیات فراہم کرے گی اور یہ ذمہ داری ہم سب مل کر پوری کریں گے۔
