بچے کی لاش کسی کچرا اٹھانے والے نہیں بلکہ ریسکیو ٹیم نے تلاش کی: ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی
بچے کی لاش ملنے کے حوالے سے ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کی وضاحت ۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی دانیال سیال نے اپنے ایک جاری وڈیو بیان میں کہا کہ کل رات ایک بدقسمت واقعہ پیش آیا جب معصوم بچہ نالے میں گر گیا۔ریسکیو اور بلدیہ عظمیٰ کے عملے نے موقع پر پہنچ کر بچے کی تلاش شروع کردی، مگر چند شرپسند عناصر کی جانب سے مزاحمت کے باعث ریسکیو آپریشن سست ہوگیا۔
دانیال سیال نے کہا کہ ٹیم نے مشکلات کے باوجود اپنا کام جاری رکھا اور بدقسمتی سے آج بچے کی لاش نالے سے برآمد ہوگئی۔چند شرپسند عناصر کی جانب سے یہ جھوٹ پھیلایا گیا کہ بچہ ریسکیو آپریشن میں نہیں بلکہ کچرا چننے والے نے ڈھونڈا ہے۔یہ بات سراسر جھوٹ ہے۔ ریسکیو ٹیموں نے ہی بچے کی لاش تلاش کی، اور افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ اُس وقت وہ جان کی بازی ہار چکا تھا۔
