چیئرمین منگھوپِیر ٹاؤن کی زیرِ اہتمام مستحق خواتین میں سوشل پروٹیکشن والٹ  نئی مفت سم کی تقسیم کاافتتاح

چیئرمین منگھوپِیر ٹاؤن کی زیرِ اہتمام مستحق خواتین میں سوشل پروٹیکشن والٹ  نئی مفت سم کی تقسیم کاافتتاح

کراچی: منگھوپِیر ٹاؤن میں آج ایک اہم سماجی فلاحی اقدام کے تحت چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی زیرِ صدارت بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام (BISP) کی مستحق خواتین میں سوشل پروٹیکشن والٹ  نئی مفت سم کی تقسیم کے عمل کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ یہ اقدام حکومتِ پاکستان، حکومتِ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی کی عوام دوست پالیسیوں کے تناظر میں شفافیت، سہولت اور بدعنوانی کے خاتمے کی جانب ایک نمایاں قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

تقریب میں وائس چیئرمین منگھوپِیر ٹاؤن رانا محمد عارف، بی آئی ایس پی کے نمائندگان، ٹاؤن افسران، کونسلرز، سماجی رضاکار اور مقامی تنظیموں کے اراکین بڑی تعداد میں شریک تھے، جنہوں نے اس سماجی خدمت کے عمل کو مؤثر اور کامیاب بنانے میں بھرپور کردار ادا کیا۔

چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام ملک کے غریب اور مستحق خاندانوں کا سہارا ہے۔ ماضی میں متعدد خواتین کو دکانداروں کے ذریعے رقوم نکلواتے وقت کٹوتیوں، بدعنوانی اور فراڈ جیسے مسائل کا سامنا رہا جس سے شفافیت شدید متاثر ہوئی۔ حکومتِ سندھ اور پاکستان پیپلز پارٹی نے ایسے غیرقانونی ہتھکنڈوں کا سخت نوٹس لیا ہے۔ انہی مسائل کے خاتمے کے لیے ’سوشل پروٹیکشن والٹ سم‘ متعارف کروائی گئی ہے تاکہ مستحقین کو ان کا پورا حق براہِ راست اور محفوظ طریقے سے مل سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ منگھوپِیر ٹاؤن میں BISP کا مقامی دفتر پہلے ہی فعال ہے، جہاں روزانہ درجنوں خواتین رہنمائی، رجسٹریشن اور توثیق کے سلسلے میں آتی ہیں۔ نئی سِم کے اجراء کا بنیادی مقصد خواتین کو بااختیار بنانا، شفافیت کو یقینی بنانا اور تمام غیر ضروری ثالثوں کے کردار کو مکمل طور پر ختم کرنا ہے۔

چیئرمین منگھوپِیر ٹاؤن نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تمام خواتین صرف سرکاری طور پر مقرر کردہ مراکز سے ہی اپنی سم حاصل کریں۔ کسی بھی دکاندار، ایجنٹ یا نجی فرد کو نہ سم دینے کا اختیار ہے اور نہ رقم نکالنے کا۔ ایسے غیر سرکاری مقامات پر جانا نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے اور فراڈ یا کٹوتیوں کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ اگر کوئی شخص غیر قانونی فیس مانگے یا بدعنوانی کرے تو فوراً ٹاؤن آفس کو آگاہ کریں۔چیئرمین نے بتایا کہ ٹاؤن انتظامیہ گراؤنڈ مانیٹرنگ اور ڈیجیٹل نگرانی دونوں طریقوں سے عملِ تقسیم کی براہِ راست نگرانی کر رہی ہے، اور کسی بھی شکایت کی صورت میں فوری ایکشن لیا جائے گا۔

تقریب کے دوران چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے خود مستحق خواتین میں نئی سمیں تقسیم کیں اور یقین دہانی کرائی کہ عوامی فلاح و بہبود کے اس نوعیت کے اقدامات مستقبل میں بھی تسلسل کے ساتھ جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ غریب دوست پالیسیوں پر کاربند رہی ہے اور یہ اقدام اسی منشور کی عملی مثال ہے۔

تقریب میں موجود خواتین نے حکومتِ پاکستان، حکومتِ سندھ اور چیئرمین منگھوپِیر ٹاؤن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ نئی سم ان کے لیے ایک بڑی سہولت ہے، کیونکہ اب وہ اپنی امدادی رقم براہِ راست، مکمل اور محفوظ طریقے سے وصول کر سکیں گی۔

آخر میں ٹاؤن انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی کہ اگر کوئی شخص رقم کی کٹوتی، غیر قانونی فیس یا سم کی فراہمی میں بدانتظامی کا مرتکب ہو تو فوری طور پر متعلقہ دفتر، ٹاؤن آفس یا سوشل میڈیا کے ذریعے شکایت درج کروائیں۔ انتظامیہ نے یقین دلایا کہ ہر شکایت کا فوری نوٹس لیا جائے گا اور سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

اس پوسٹ پر تبصرہ کرنے کا مطلب ہے کہ آپ سروس کی شرائط سے اتفاق کرتے ہیں۔ یہ ایک تحریری معاہدہ ہے جو اس وقت واپس لیا جا سکتا ہے جب آپ اس ویب سائٹ کے کسی بھی حصے کے ساتھ بات چیت کرنے کے لیے اپنی رضامندی کا اظہار کرتے ہیں۔

جواب چھوڑ دیں

براہ مہربانی اپنی رائے درج کریں!
اپنا نام یہاں درج کریں