کورنگی ٹاؤن میں ہفتہ صفائی مہم بھرپور انداز میں جاری
کراچی: چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ اور میونسپل کمشنر غلام سرور راہو پوٹو کی ہدایت پر ہفتہ صفائی مہم کے سلسلے میں یوسی 6 میں صفائی ستھرائی کا کام تیزی سے جاری ہے۔ صفائی عملہ صبح و شام مختلف علاقوں میں گلیوں، نالیوں اور گندے پانی کی نکاسی کے کاموں میں مصروف ہے۔ ٹاؤن عملہ کچرا اُٹھانے، جھاڑو لگانے اور ڈینگی اور دیگر وبائ امراض سے بچاؤ کے سلالے میں جراثیم کش اسپرے کے ذریعے علاقے کو صاف اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے کہا کہ کورنگی ٹاؤن کی ترقی اور عوامی سہولت کے لیے صفائی مہم کو مؤثر اور مسلسل بنیادوں پر جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹاؤن انتظامیہ عوام کے تعاون سے کورنگی کو صاف، خوبصورت اور صحت مند بنانے کے عزم پر قائم ہے۔
میونسپل کمشنر غلام سرور راہو پوٹو نے اس موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ صفائی کے کاموں میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، اور تمام یوسیز میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر مانیٹرنگ کی جائے۔
علاقہ مکینوں نے صفائی مہم پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ٹاؤن انتظامیہ کے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ یہ مہم مستقل بنیادوں پر جاری رہے گی۔
