سندھ بھر میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے دو مریض جان بحق، 1558 کیس رپورٹ
کراچی: محکمہ صحت سندھ نے صوبے بھر میں ڈینگی کے مصدقہ کیسز سے متعلق تازہ رپورٹ جاری کر دی ہے
رپورٹ کے مطابق صوبے بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے مجموعی طور پر 5742 ڈینگی ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 1558 مثبت آئے۔کراچی ڈویژن میں 4010 ٹیسٹ ہوئے جن میں 758 کیسز سامنے آئے۔
حیدرآباد ڈویژن میں 1732 ٹیسٹ کیے گئے اور 800 کیسز رپورٹ ہوئے۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں 81 نئے کیسز داخل ہوئے جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں 68 نئے مریض داخل ہوئے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں سے 58 مریض جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں سے 25 مریض صحتیاب ہوکر گھر گئے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں سے 2 اموات رپورٹ ہوئیں۔اس وقت صوبے بھر کے سرکاری اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 201 جبکہ پرائیویٹ اسپتالوں میں داخل مریضوں کی تعداد 180 ہے۔
جاری رپورٹ کے مطابق کراچی کے سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 251 بیڈ مختص جبکہ حیدرآباد میں 116 اور اندرون سندھ میں 528 ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 895 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔کراچی کے پرائیویٹ اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے 132 بیڈ مختص جبکہ حیدرآباد میں 161 اور اندرون سندھ میں 36 ہے جبکہ صوبے بھر میں ڈینگی کے مریضوں کےلیے 329 بیڈ مختص کیے گئے ہیں۔صوبے بھر میں ڈینگی کی شرح27 فیصد ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ متاثرہ آبادی کی شرح 0.005 فیصد ہے۔
وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا ہےکہ محکمہ صحت سندھ ڈینگی کے تمام کیسز کی نگرانی کر رہا ہے،عوام سے اپیل ہے کہ کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی اطلاعات پر یقین نہ کریں۔سندھ حکومت نے صوبے بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم پر سنجیدگی سے کام کررہی ہے۔تمام اضلاع میں اسپرے، فاؤگنگ اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی صحت سے وابستہ افسران کو ہدایت دی گئی ہے کہ کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ ہونے دیا جائے کیونکہ یہی مچھر کی افزائش کا بنیادی سبب بنتا ہے۔
